نئی دہلی ،31جنوری ، پریس ریلیزہماراسماج: دہلی وقف بورڈ میں موجودہ اسٹاف میں سب سے پرانے کارکن نبی الحسن بھی آج ریٹائر ہوگئے ۔اس موقع پر تمام اسٹاف نے اپنے سب سے سینئر ساتھی کو گلدستے اور تحفے تحائف دیکر رخصت کیااور ان کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات پیش کیں۔نبی الحسن آج 60سال کی عمر میں دہلی وقف بورڈ سے ریٹائر ہوئے ،اس وقت وہ جنرل سیکشن کے انچارج کے طور پر اپنی خدمات انجام دے رہے تھے اور ہیڈ کلرک کے عہدہ پر فائز تھے۔تفصیل کے مطابق انہوں نے 23جنوری 1984کو وقف بورڈ میں جوائن کیا تھااور آج 39سالہ طویل کیرئرکے بعد وہ ریٹائر ہوئے ۔وقف بورڈ میں اپنی خدمات کے دوران انہوں نے لیگل سیکشن،رینٹ سیکشن،اسٹیبلشمنٹ سیکشن میں اپنی خدمات انجام دیں اور رینٹ کلکٹر ،زونل وقف آفیسر اور ہیڈکلرک کے عہدوں پر کام کیا۔اس دوران انہوں نے آئی اے ایس امتیاز احمد خان،انور علی دہلوی،سلامت اللہ ،سراج پراچہ صاحب،ہارون یوسف،چودھری متین احمد اور امانت اللہ خان کے دور میں وقف بورڈ میں خدمات انجام دیں۔الوداعیہ کے دوران وقف بورڈ کے سیکشن آفیسر حافظ محفوظ محمد،نشاب احمد خان ،رحمان خان،اسٹاف یونین کے صدر محمد یونس و دیگر عملہ نے انھیں الوداعیہ دیا اور مستقبل کے لئے نیک خواہشات پیش کیں۔اس موقع پر سیکشن آفیسر حافظ محفوظ محمد نے کہاکہ نبی الحسن ساحب کے ساتھ بورڈ میں میری تقریبا 23سالہ رفاقت رہی اس دوران میں نے پایا کہ انہوں نے بے داغ ،محنت اور ایمانداری سے کام کیااور جو لوگ ایمانداری کے ساتھ کام کرتے ہیں اللہ پاک انھیں عزت و عافیت کے ساتھ ریٹائر کرتے ہیں ۔انہوں نے آگے کہاکہ نئے اسٹاف کو بھی ان سے سیکھ لینی چاہئے اور محنت و لگن کے ساتھ کام کرنا چاہئے جس کا صلہ اللہ تعالی ضرور دیتے ہیں۔اس دوران نبی الحسن نے اپنے جونئر رفقاءکو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ محنت اور ایمانداری سے کام کیجئے اور محنت کا پھل اللہ تعالی ضرور دیتا ہے۔












