ریاض :فلکیاتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ آج دوپہر کو ظہر کی اذان کے وقت 12 بجکر 27 منٹ پر سورج عین کعبہ شریف کے اوپر ہو گا ۔ سورج کے خانہ کعبہ کے عین اوپرآنے کا عمل رواں برس میں دوسری بارہو گا۔عاجل نیوز کے مطابق فلکیاتی کمیٹی جدہ کے صدر انجینئرماجد ابو زاھرہ کا کہنا ہے کہ آج 9 محرم الحرام بمطابق 15 جولائی 2024 کو سورج کعبہ شریف کے اوپر 90 ڈگری زاویے پرہوگا جس کی وجہ سے کعبہ کا سایہ دکھائی نہیں دے گا۔ یہ عمل زمین کا اپنے محور کے گرد گردش کرنے کے زاویے کی وجہ سے ہوتا ہے جب زمین 23.5 ڈگری کے زاویے پرگردش کررہی ہو تواس صورت میں سورج شمال کی جانب برج سرطان اور جنوب کی سمت خط استوی پر ہوتا ہے ۔ابوزھراہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ خطے جو عرض بلد پر 23.5 ڈگری شمال و جنوب میں واقع ہیں وہاں یہ مشاہدہ سال میں دو بار کیا جاسکتا ہے۔ تاہم یہ مختلف اوقات یعنی ہر خطے کے وقت کے مطابق ہوگا ۔سورج کے عین کعبہ کے اوپر آنے کی صورت میں عہد رفتہ میں خانہ کعبہ کی سمت کا تعین کیا جاتا تھا۔