بھنڈارہ ،پریس ریلیز،ہماراسماج:جمعیۃ علماءضلع بھنڈارہ کی جانب سےیک روزہ تربیتی ورکشاپ و جلسہ اصلاح معاشرہ و سیرۃالنبیﷺزیر صدارت فخرمہاراشٹر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر منعقد ہوا، جس میں علاقہ بھر سے اراکینِ جمعیۃ و عوام الناس نےکثیرتعداد میں شرکت کی۔اجلاس چار حصوں میں منقسم رہا۔ پروگرام کا آغاز بدست صوبائی صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی کےپرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد تربیتی ورکشاپ مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن، راجیو گاندھی چوک، بھنڈارہ میں ہوا، پھر بعد نماز ظہربمقام دیوان لان، بھنڈارہ ،خواتین میں مبلغ دارالعلوم دیوبندمولانا محمد عرفان قاسمی کا خصوصی بیان ہوا،پھرترتیب کےمطابق بعد نماز عصرضلع و شہر کے علماء ، ائمہ ودانشوران قوم و ملت کے درمیان مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹرکا خصوصی بیان ہوا ۔بعد نماز مغرب دیوان لان،تکیہ وارڈ، بھنڈارہ میں عظیم الشان اجلاس عام بعنوان اصلاح معاشرہ و سیرۃ النبی کا آغاز ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقرر خصوصی و مبلغ دارالعلوم دیوبند مولانا عرفان قاسمی نےسیرتِ نبوی ﷺ کے ایک اہم پہلو "حقوق العباد” پر خصوصی توجہ دلائی۔ انہوں نے فرمایا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ ایک سچا مسلمان وہی ہے جو اپنے پڑوسیوں، رشتہ داروں اور کمزوروں کے حقوق کا خیال رکھے۔ آج ہم نے عبادات کو تو اہمیت دی ہے، لیکن معاملات اور اخلاق میں ہم پیچھے رہ گئے ہیں۔ سیرت کا پیغام یہ ہے کہ ہم اپنے کاروبار میں دیانتداری اپنائیں، جھوٹ اور فریب سے بچیں، اور معاشرے کے یتیموں اور بیواؤں کے لیے سہارا بنیں ۔اجلاس میں موجود مفتی محمد روشن شاہ قاسمی صدر دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء مہاراشٹر نےکہا کہ آج ہمارے معاشرے کی جڑیں کھوکھلی کرنے والی سب سے بڑی وجہ دینی تعلیم سے دوری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ برائیوں کا سیلاب تبھی رک سکتا ہے جب ہم اپنے بچوں کے لیے "مکاتب” کے نظام کو مضبوط کریں، کیونکہ ایمان کی آبیاری اور ارتداد کے فتنوں کا سدِ باب صرف بچپن کی صحیح دینی تربیت سے ہی ممکن ہے۔،مولانا ابراہیم قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹرنے کہا کہ جمیعۃ علماء کا دینی تعلیمی بورڈ اسی لیے سرگرمِ عمل ہے تاکہ ہر محلے میں مکتب قائم ہو اور کوئی بچہ دین کی بنیادی معلومات سے محروم نہ رہے، کیونکہ تعلیم یافتہ اور باکردار مسلمان ہی ایک صالح معاشرے کی ضمانت ہے ، مفتی عبدالرحمن اشرفی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء مراٹھواڑہ نےمعاشرتی برائیوں پر گرفت کرتے ہوئے کہاکہ نسلِ نو کی حفاظت اگر ہم نےقرآن و سنت کی تعلیم سے نہ کیا، تو باطل نظریات اور اخلاقی بگاڑ انہیں ہم سے چھین لیں گے۔،مزید براں جمعیۃ علماء کے علاقائی ذمہ داران ور دیگر علماء کرام نے بھی اجلاس عام کو خطاب کیا جن میں بالخصوص مفتی محمد ساجد صاحب صدر جمعیۃ علماء بھنڈارہ،حافظ ابرار،مولانا فراز، مولوی حسان،مفتی رضوان صاحب،حافظ احتشام،مولوی فیاض،حافظ فیض،قاری عزیز و دیگر شامل تھے۔ اس اجلاس کو کامیاب بنانےمیں جمعیۃ علماء ضلع و شہر بھنڈارہ کےمقامی کارکنان بالخصوص نوجوان طبقہ نےبے انتہا محنت کی اورشریک اجلاس رہے۔












