واشنگٹن، (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ روس اور چین وہاں پہنچ جائیں اس لیے وہ گرین لینڈ کو اپنے قبضے میں کرنا چاہتے ہیں۔ گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا ہم نہیں چاہتے روس اور چین وہاں پہنچ جائیں، امریکہ کو گرین لینڈ کا مالک ہونا چاہیے تاکہ روس یا چین اس پر قبضہ نہ کرسکیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی کہ وہ گرین لینڈ کو حاصل کرلیں گے، چاہے ڈنمارک کا خودمختار علاقہ اس پر راضی ہو یا نہ ہو، اور کہا کہ آرکٹک خطے میں یہ اسٹریٹجک طور پر انتہائی اہم ہے۔ انھوں نے کہا امریکہ کو گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنا ضروری ہے تاکہ روس یا چین اسے اپنے قبضے میں نہ لے لیں۔ انھوں نے ڈنمارک کے حکام پر الزام عائد کیا کہ وہ گرین لینڈ کے گرد موجود سمندری حدود کی مناسب حفاظت میں ناکام رہے ہیں۔ تاہم مقامی سیاست دانوں نے اس دعوے کو مسترد کر دیا۔وائٹ ہاؤس میں تیل کمپنیوں کے ایگزیکٹوز سے ملاقات کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا ہم گرین لینڈ کے بارے میں کچھ نہ کچھ ضرور کریں گے، چاہے وہ اسے پسند کریں یا نہ کریں۔ کیوں کہ اگر ہم نے ایسا نہ کیا تو روس یا چین گرین لینڈ پر قبضہ کر لیں گے، اور ہم روس یا چین کو اپنا ہمسایہ نہیں بننے دیں گے۔ انھوں نے مزید کہا ہم نہیں چاہتے کہ روس یا چین گرین لینڈ جائیں، کیوں کہ اگر ہم گرین لینڈ کو نہیں لیتے تو روس یا چین آپ کے پڑوس میں ہوں گے۔ ایسا ہونے نہیں دیا جائے گا۔ میں معاہدہ کرنا چاہوں گا، یعنی آسان طریقے سے۔ لیکن اگر ہم آسان طریقے سے یہ کام نہ کر سکے تو پھر ہم مشکل طریقے سے کریں گے۔ امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ چین اور روس کو وینزوئیلا میں اپنا پڑوسی نہیں بنا سکتے تھے، یہ دونوں ہم سے وینزوئیلا کا تیل خرید سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا روس اور چین کے عوام سے پیار کرتا ہوں، روسی صدر اچھے انسان ہیں لیکن انھوں نے مایوس کیا، وہ یورپ سے نہیں امریکا سے ڈرتے ہیں۔












