واشنگٹن(ہ س)۔اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو نے بدھ کے روز کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ان کی ملاقات غزہ میں اسرائیلی قیدیوں کو آزاد کروانے کی کوششوں پر مرکوز تھی اور انہوں نے حماس کی فوجی اور حکومتی صلاحیتیں ’ختم کرنے‘ کے عزم پر زور دیا۔نیتن یاہو نے مزید کہا کہ رہنماؤں نے ملاقات کے دوران ’ایران پر حاصل کردہ عظیم فتح‘ کے نتائج اور امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ 20 جنوری کو ٹرمپ کا دوسرا دورِ اقتدار شروع ہونے کے بعد سے یہ نیتن یاہو کا تیسرا امریکی دورہ ہے۔ٹرمپ نے منگل کے روز نیتن یاہو سے دو دنوں میں دوسری بار غزہ کی صورتِ حال پر تبادل? خیال کیا جیسا کہ صدر کے شرقِ اوسط کے ایلچی نے اشارہ دیا کہ اسرائیل اور حماس تقریباً دو سال بعد جنگ بندی معاہدے کے قریب ہیں۔میڈیا ادارے ایگزیاس نے تفصیلات سے واقف ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی اور حماس کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کی میزبانی کرنے والے قطر کے ایک وفد نے منگل کو نیتن یاہو کی آمد سے قبل وائٹ ہاؤس کے سینئر حکام سے ملاقات کی۔وائٹ ہاؤس نے اس اطلاع پر کوئی فوری تبصرہ نہیں کیا۔