واشنگٹن(ہ س)۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر نیویارک کی میئر شپ کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی نے وفاقی امیگریشن اہل کاروں کو شہر میں غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کرنے کی اجازت نہ دی … تو وہ ممدانی کو گرفتار کر لیں گے۔ یہ بات امریکی ویب سائٹ "axios” نے بتائی۔ٹرمپ نے ممدانی پر سخت تنقید کرتے ہوئے انھیں کمیونسٹ” قرار دیا اور دھمکی دی کہ اگر وہ ڈیموکریٹک تمہیدی انتخابات میں کامیاب ہوئے تو ان کی حکومت کو وفاقی فنڈز روک دیے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق، زہران ممدانی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے "امیگریشن اور کسٹمز انفورسمنٹ کے نقاب پوش اہل کاروں کو ہمارے پڑوسیوں کی ملک بدری سے روکیں گے”۔منگل کو ایک پریس کانفرنس کے دوران جب ٹرمپ سے ممدانی کے اس وعدے کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے جواب دیا کہ اچھا، پھر ہمیں انھیں گرفتار کرنا پڑے گا۔امریکی صدر نے مزید کہا "ہمیں اس ملک میں کسی کمیونسٹ کی ضرورت نہیں، لیکن اگر ایک موجود ہے تو میں قوم کی طرف سے اسے بہت گہری نظر سے دیکھوں گا۔ ہم اسے پیسا بھی بھیج رہے ہیں، اور وہ سب کچھ جو اسے اپنی حکومت چلانے کے لیے چاہیے۔ویب سائٹ "axios” کے مطابق، اگرچہ وفاقی حکومت کو آئینی طور پر امیگریشن قوانین پر عمل درآمد کی ذمے داری سونپی گئی ہے، لیکن ریاستی اور مقامی حکومتوں کو عام طور پر ان قوانین پر عمل درآمد میں تعاون کرنے کا پابند نہیں کیا جا سکتا۔