ممبئی، پریس ریلیز،ہماراسماج: اللہ تبارک وتعالیٰ نے جو مقام اور مرتبہ اپنی مخلوق میں سے انبیاء علیہم السلام کو عطا کیا ‘وہ کسی اور کو حاصل نہیں ہوا۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ انبیاء علیہم السلام کے ساتھ خود خالق کائنات نے کلام کیا اور ان پر اپنی وحی کا نزول فرمایا۔ اللہ تبارک وتعالیٰ نے انبیاء علیہم السلام کی جماعت میں سے جو مقام نبی کریمﷺ کو عطا کیا ہے ‘وہ ہر اعتبار سے انتہائی بلند وبالاہے۔ان زریں خیالات کا اظہار حضرت مولانا محمد عرفان قاسمی صاحب مبلغ دار العلوم دیو بند نےگذشتہ دنوں جمعیۃ علماء کے زیر اہتمام جامع مسجد قلعہ میدان، بیڑ میںمنعقدہ اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا مو صوف نے سامعین کو اس بات کی طرف راغب کیا کہ زندگی کا مقصد، مال اور جان سب کچھ دین کی خدمت میں صرف ہو، اور اسوۂ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی زندگی کا عملی نمونہ بنایا جائے۔مفتی حماد قریشی صاحب( آرگنائزر جمعیۃ علماء مرہٹواڑہ )نے اپنے تمہیدی گفتگو میں کہا کہ اصلاح معاشرہ کے یہ پروگرام مولانا حافظ ندیم صدیقی صاحب (صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر) کی نگرانی اورمولانا قاری شمس الحق صاحب قریشی(صدر جمعیۃ علماء مرہٹواڑہ )کی صدارت میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہو رہے ہیں اس کو مزید کامیاب سے ہمکنار کرنا ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ مولانا صابر صاحب(جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع بیڑ) نے اپنے پُراثر تمہیدی کلمات میں جمعیۃ علماء کی خدمات اور اسلامی معاشرے میں اس کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو بیان کرتے ہوئے مسلمانوں کو سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کو عملی زندگی میں اپنانے کی ترغیب دی۔مفتی عبدالرزاق صاحب ملی(ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مرہٹواڑہ )نے جمعیۃ علماء کی اعتدال پسندانہ سیاسی حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔اجلاس کا روح پرور آغاز حافظ مذکر صاحب کی پُرنور تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جس کی آواز نے سامعین کے دلوں کو ایمان کی روشنی سے منور کیا۔ بعد ازاں، حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں محبت سے بھرپور نعت شریف جناب فرقان صاحب نے پیش کی، جس نے سامعین کے دلوں کو محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے سرشار کر دیا۔آخر میں مولانا قاضی محمد ظفر صاحب نے اپنے اختتامی کلمات میں کامیاب اجلاس کے انعقاد پر منتظمین، علماء کرام، اور شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔اس اجلاس میں جمعیۃ علماء ضلع بیڑ کے ذمہ داران مفتی عبدا للہ قریشی صاحب( صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر ) مجتبی سر نائب صدر جمعیۃ علماء مرہٹواڑہ ، سمیت اراکین ،ائمہ مساجد اور شرکاء اجلاس بڑی تعداد میں شریک تھے ۔