ابوظہبی ، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نیشام اورترکیہ کو 10 کروڑڈالرکی امداد دینے کا وعدہ کیا ہے۔یہ دونوں ممالک میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد کسی ملک کی جانب سے اب تک کی سب سے بڑی رقم ہے۔دونوں ممالک میں تباہ کن زلزلے میں 6،256 اموات ہوچکی ہیں۔یواے ای میں شامل امارت دبئی نے اس سے پہلے شام کوایک کروڑ 36 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا تھا۔یواے ای پیرکی صبح آنے والے 7.8 کی شدت کے زلزلے کے بعدامدادی سامان سے لدے طیارے بھی امدادی ٹیموں کے ساتھ دونوں ممالک میں روانہ کررہا ہے۔متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زاید آل نہیان نے منگل کے روزشام اور ترکیہ میں متاثرہ افراد کی امداد کے لیے 10 کروڑڈالرمہیا کرنے کا حکم دیا ہے۔خبررساں ادارے وام کے مطابق یہ رقم شام اورترکیہ کے درمیان مساوی طورپرتقسیم کی جائے گی اور دونوں ممالک کو پانچ، پانچ کروڑڈالرملیں گے۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہواکہ شام کے لیے مختص کیے جانے والے فنڈز میں پہلے سے اعلان کردہ مذکورہ ایک کروڑ 36 لاکھ ڈالرکی رقم بھی شامل ہے۔یواے ای کی وزارتِ دفاع میں مشترکہ آپریشنز کے کمانڈرمیجرجنرل صالح العمری نے بتایا ہے کہ امدادی سامان سے لدے تین فوجی طیارے ترکیہ روانہ کیے گئے ہیں۔ان کے ساتھ سرچ اور ریسکیو ٹیمیں شامل ہیں اورانھوں نے وہاں پہنچ کرامدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔انھوں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ زلزلے سے متاثرہ ممالک کے لیے مجموعی طور پر سات پروازیں چلانے کا منصوبہ ہے۔ان میں سے دو شام کے دارالحکومت دمشق میں بھیجی جارہی ہیں۔قبل ازیں شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا نے اطلاع دی تھی کہ ایک اماراتی طیارہ کھانے پینے کی 10 ٹن اشیاء لے کر دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پرپہنچا ہے۔یادرہے کہ متحدہ عرب امارات نے دسمبر2018 میں شامی دارالحکومت دمشق میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا تھا۔اس اقدام کوبرسوں کے بائیکاٹ کے بعد شامی صدربشارالاسد کی حکومت کوعرب دنیا میں واپس لانے کااشارہ قراردیا گیا تھا۔گذشتہ سال مارچ میں بشارالاسد نے متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کیا تھا۔یہ ان کا شام میں ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے جاری خون ریزخانہ جنگی میں کسی عرب ملک کا پہلا دورہ تھا۔دریں اثناء ترکیہ اورشام میں آنے والے تباہ زلزلے کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد 6200 سے تجاوزکرگئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں 4,544 اور شام میں 1,712 افراد مارے جاچکے ہیں۔ اس کے بعد تصدیق شدہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6,256 ہو گئی ہے۔