مدھے پورہ،پریس ریلیز، ہمارا سماج:اردو ڈائرکٹوریٹ محکمہ کا بینہ سکر بیٹری پٹنہ کے زیراہتمام مدھے پورہ کے تاریخی کلا بھون میں اردو زبان و ادب کے فروغ اور اس کے تحفظ کے عنوان سے ایک عظیم الشان اردوسیمینار و مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا، جس میںضلع اور اطراف سے آئے ہوئے علماء،دانشوران قوم، اساتذہ، شعراء، سماجی کارکنان اور اردو کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی پروگرام کا آغاز ارون کماراے ڈی ایم مدھے پورہ ،نوڈل آفیسر سرور عالم انصاری ،اردو متر جم وصی اللہ ،مدرسہ رحیمیہ گاڑھا کے انچارج پرنسپل محمد پرویزعالم ،بھو پندر مدھے پوری سمیت کئی لوگوں نے شمع روشن کر کے کیا ۔مقررین نے اردو زبان کی تاریخی اہمیت، اس کی شیرینی و شائستگی اور ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب میں اس کے کردار پر گفتگو کی نوڈل آفیسر سرور عالم انصاری نے کہا کہ اردو محض ایک زبان نہیں بلکہ ہماری تہذیبی شناخت اور قومی جہتی کی علامت ہے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں اردو کے فروغ کے لیے عوامی سطح پر سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے، خصوصاً تعلیمی اداروں میں اردو کی تدریس کو مضبوط بنانے اور نئی نسل کو اس زبان سے جوڑنے کی اشد ضرورت ہے۔مقررین نے اپنے خطابات میں اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ اردو ادب نے ملک کی آزادی کی تحریک میں اہم کردار ادا کیا اور آج بھی اردو صحافت اور ادب سماجی بیداری کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ اردو زبان و ادب کے مطالعہ کو فروغ دیں اور اس کی ترویج میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔سیمینار کے بعد منعقدہ مشاعرہ میں شاعر قیصر علی را نا، اسلم پروانہ ،چونچ گیاوی ،عطاءاللہ عطا سمیت کئی شعراء نے اپنا کلام پیش کیا ۔پروگرام کے اختتام پر منتظمین نے تمام لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی طرح کے علمی وادبی پروگرام منعقد کر کے اردو زبان کےفروغ کی جدو جہد کو جاری رکھا جائے گا۔اس موقع پر اردو زبان کی ترقی اور اس کےتحفظ کے لیے اجتماعی عزم کا اظہار بھی کیاگیا ۔پروگرام کو کامیاب بنانے میں سرور عالم انصاری نوڈل آفیسر اردو زبان میل مدھے پورہ محمد وسیم اللہ سمیت ضلع کے اردو مترجم ،معاون اردو مترجمین نے اہم کردار ادا کیا۔












