مقددیشو:امریکی انٹیلی جنس ایجنسی [سی آئی اے] کے ڈائریکٹر ولیم برنز نے حال ہی میں صومالیہ کے دار االحکومت موگادیشو کا خفیہ دورہ کیا۔ اس بات کا انکشاف "الصومال الجدید” ویب سائٹ نے آج ہفتے کے روز کیا ہے۔
برنز نے جمعرات کے روز کئے گئے اس دورے میں صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صومالیہ کی انٹیلی جنس اور نیشنل سیکورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر عبد الله سنبلوشی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں فریقین نے صومالیہ اور امریکا کے درمیان شراکت داری، انٹیلی جنس تعاون اور انسداد دہشت گردی کی حکمت عملیوں کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ اس کے علاوہ براعظم افریقا میں قائم کشیدگی کا موضوع بھی زیر بحث آیا۔یہ دوسرا موقع ہے جب برنز نے رواں سال صومالیہ کا اس نوعیت کا دورہ کیا۔ اس سے قبل جنوری میں صومالیہ کے ساحل پر ایرانی اسلحے کی کھیپ روکنے کے لیے امریکی فورسز کے آپریشن کے بعد بھی برنز موگادیشو آئے تھے۔
ملاقات میں صومالیہ کے صدر حسن شيخ اور امریکی عہدے دار نے امن اور سلامتی کے حوالے سے فیصلہ کن امور میں تعاون کی اہمیت کو باور کرایا۔یاد رہے کہ صومالیہ اور ایتھوپیا کے درمیان جنوری میں تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔ اس کی وجہ ایتھوپیا کا صومالی لینڈ (علاحدگی پسندوں کی خود ساختہ حکومت) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنا ہے۔ یادداشت میں صومالی لینڈ کی خود مختاری کو تسلیم کرنا شامل ہے جس کے مقابل ایتھوپیا کو خلیج عدن کی بندرگاہ تک رسائی کی اجازت دی گئی۔