تہران:امریکہ نے بدھ کے روز ایران کے بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون طیاروں کی تیاری میں مدد دینے والے افراد اور مختلف اداروں پر نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ان تازہ امریکی پابندیوں کی زد میں مجموعی طور پر 32 افراد اور ادارے ہدف بنے ہیں۔امریکہ ایک طویل عرصے سے اقتصادی پابندیوں کا ہتھیار استعمال کر کے ایران کو دباؤ میں لانے کی کوشش میں ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق جن نئے 32 افراد اور اداروں کو پابندیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے ان میں سے کئی ایران میں ہیں، کچھ ترکیہ اور یوکرین میں ہیں اور بعض کا تعلق دوسری جگہوں سے ہے۔پابندیوں کی زد میں آنے والے ایران کو ہتھیار بنانے کے لیے آلات کی فراہمی کے علاوہ ہتھیار بنانے میں مدد دینے کے الزام میں پکڑے گئے۔ یہ نیٹ ورک امریکہ اپنے لیے خطرہ سمجھتا تھا۔ادھر امریکہ کے علاوہ یورپی ممالک نے بھی ایران پر مختلف طرح کی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ یہ سب اسرائیل کے اتحادی ملک ہیں اور ایران پر الزام لگاتے ہیں کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کو ہتھیار بنانے کے لیے بروئے کار لانا چاہتا ہے۔












