رام پور، الیکشن کمیشن نے اترپردیش کی دوضمنی اسمبلی سیٹوں سوارٹانڈہ اور مرزاپور کی چھابنے سیٹ پر چناؤکااعلان کردیاہے۔رام پور کی سوارٹانڈہ اسمبلی سیٹ سے عبداللہ اعظم کی اسمبلی کی رکنیت منسوخ ہوگئی تھی جس کے بعدیہ سیٹ خالی ہوگئی تھی۔ دونوں نشستوں پر 10 مئی کو ووٹنگ ہوگی اور نتائج کااعلان13 مئی کو ہوگا۔عبداللہ اعظم کو مراد آباد کی عدالت نے 13 فروری 2023 کو 15 سال پرانے کیس میں دو سال کی سزا سنائی تھی۔ 29 جنوری 2008 کو چھج لت پولیس نے سابق وزیر اعظم خان کی گاڑی کو چیکنگ کے لئے روکا جس پر ان کے حامی مشتعل ہوگئے۔ اس کے بعد سماج وادی پارٹی کے کارکنوں نے ہنگامہ کھڑا کردیاتھا۔اس ہنگامہ آرائی میں عبداللہ سمیت نو افراد کو ملزم بنایا گیا تھا۔ پولس نے اس معاملے میں ہنگامہ کرنے والے تمام لوگوں کے خلاف سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے اور بھیڑ کو بھڑکانے کا معاملہ درج کیا تھا۔اس معاملے میں اعظم خان کے ساتھ عبداللہ اعظم کو بھی دو سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔15 فروری کو اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے عبداللہ اعظم کی مقننہ کی منسوخی کا حکم جاری کیا گیا۔ عبداللہ 2017 کے اسمبلی انتخابات میں رام پور ضلع کی سوار سیٹ سے منتخب ہوئے تھے۔عبداللہ اعظم غالباً واحد سیاست دان ہیں جن کی اسمبلی رکنیت تین سال کے اندر دو بار منسوخ ہوگئی تھی۔ عبداللہ اعظم 2017 کے اسمبلی انتخابات میں سوار سیٹ سے منتخب ہوئے تھے۔ ان کے انتخاب کو بی ایس پی کے امیدوار نواب کاظم علی خان عرف نوید میاں نے چیلنج کیا تھا۔جنہوں نے ان کے خلاف الیکشن لڑا تھاانہوں نے ہائی کورٹ میں الیکشن پٹیشن دائر کر کے چیلنج کیا تھا۔ یہ الزام لگایا گیا تھا کہ انتخاب کے لئے نامزدگی داخل کرتے وقت عبداللہ کی عمر 25 سال سے کم تھی۔ ان کے انتخاب کو ہائی کورٹ نے 16 دسمبر 2019 کو روک دیا تھا۔ اس کے بعد عبداللہ نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔
سپریم کورٹ نے ان کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے حکم کو برقرار رکھا تھا۔
سوارٹانڈہ سیٹ پرہونے والے10مئی کوضمنی اسمبلی انتخابات کے اعلان کے بعد سے سیاسی پارٹیوں میں اچانک چستی آگئی ہے ۔ اترپردیش کے ضمنی چناؤکے لئے13اپریل کو نوٹیفکیشن جاری کیاجائے گا۔جب کہ 20اپریل کو نامزدگی کاعمل شروع ہوگا۔ 24اپریل کو کاغذارت نامزدگی واپس ہوگی ۔10مئی کو ووٹنگ ہوگی اور13مئی کو نتائج برآمدہوںگے۔ اعلان ہوتے ہی انتظامیہ نے بھی کمرکس لی ہے۔ سوارٹانڈہ سیٹ پر بھارتیہ جنتاپارٹی سے لگ بھگ ڈیڑھ درجن امیدوار خودکوچناؤکادعویداربتارہے ہیں۔ سماج وادی پارٹی سے کون الیکشن اس سیٹ پرلڑے گااس کا فیصلہ سابق وزیراعظم خاںاوران کے صاحبزادہ عبداللہ اعظم کریںگے۔ یہ بات کسی سے پوشیدہ بھی نہیںہے کہ سماج وادی پارٹی کے امیدوارکے لئے یہ الیکشن آسان نہیںہوگا۔اس کااندازہ گزشتہ دن تھانہ گنج انچارج سریندرسنگھ پچوڑی کے ٹانڈہ تبادلہ ہونے سے بھی لگایاجاسکتاہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم خان اور عبداللہ اعظم اس اسمبلی سیٹ کے حوالے سے ہائی کورٹ بھی گئے تھے ۔اعظم خان اور ان کے گھرکی باقی ماندہ سیاست مستقبل کا رخ کس طرف موڑتا ہے یہ دیکھنے کی بات ہے اور نتائج آنے کے بعد ہی صورتحال واضح ہو جائے گی۔تحصیل سوار میںضابطہ اخلاق کی پابندی کویقینی بنانے کے لئے افسروںنے سوارمیںلگے ہورڈنگ ہٹاناشروع کردئے ہیں۔ رام پورضلع میںووٹرس کی تعدادتحصیل وارکچھ اس طرح ہے۔سوارمیں299082، چمروہ میں 305294، بلاس پور میں341907،رام پورمیں385857اورملک میں 344747،جب کہ کل آبادی 3355774ہے۔سوارضمنی اسمبلی سیٹ پرکون سماج وادی پارٹی اوربھاجپاسے امیدوارہوگااس کولیکرچرچاؤںکابازارگرم ہے۔












