دیوبند،اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھا می نے اتراکھنڈ صوبے کے یوم تاسیس کے موقع پر عالمی شہرت یافتہ شاعر اور اتراکھنڈ اردو اکیڈمی کے سابق چیئرمین پروفیسر افضل منگلوری کو اعزاز سے نوازا۔ ڈہرہ دون کے مختلف زبانوں کے مشاعروں میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ دھامی نے کہا کہ افضل منگلوری نے اتراکھنڈ کا نام اپنے ملک کے ساتھ ساتھ غیر ملکوں میں بھی روشن کیا ہے اور گزشتہ کئی دہائیوں سے اردو اور ہندی زبانوں کی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں پچھلے 17 سالوں سے افضل منگلوری سے واقف ہوں اور ان کے کلام کو پسند کرتا ہوں ۔ وزیر اعلی نے افضل منگلوری کو شال اعزاز نامہ اور چیک پیش کر کے انہیں اعزاز سے نوازا۔ وزیر اعلی نے خاص فرمائش کرکے افضل منگلوری کا کلام بھی سنا۔ افضل منگلوری کو اعزاز ملنے پر مختلف تنظیموں کے لوگوں نے مبارکباد پیش کی ہے ۔