جے پور،(یو این آئی) شبھمن گل کی وجے ہزارے ٹرافی میں واپسی میں تاخیر ہوگی، کیونکہ سکم کے خلاف ہفتہ کو ہوئے میچ وہ فوڈ پوائزننگ کے باعث کھیل نہیں سکے تھے۔گل جمعہ کی دوپہر ہی جے پور پہنچ گئے تھے اور امید تھی کہ وہ پانچویں راؤنڈ کے میچ میں حصہ لیں گے، تاہم ڈاکٹروں اور ٹیم مینجمنٹ سے مشاورت کے بعد انہیں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ فیصلہ 11 جنوری سے نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا گیا ہے، توقع کی جارہی ہے کہ گل اس میں ہندوستان کی کپتانی کریں گے۔ٹیم کے ایک ذریعے نے بتایا کہ "رات کے وقت گل کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی اور ڈاکٹروں نے انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا۔”تاہم وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں، اس لیے امید ہے کہ وہ 6 جنوری کو گوا کے خلاف ہونے والے چھٹے راؤنڈ کے میچ میں کھیل سکیں گے، جس کے بعد وہ ون ڈے ٹیم میں شامل ہوں گے، جس کا اعلان ہفتے کے آخر میں کیا جائے گا۔گل کی غیر موجودگی کا پنجاب کی ٹیم پر زیادہ اثر نہیں پڑا، کیونکہ انہیں صرف 76 رنز کے معمولی ہدف کا تعاقب کرنا تھا، جسے انہوں نے محض 6.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔ پربھ سمرن سنگھ نے ناٹ آؤٹ 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ نے صرف 34 رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے، جو لسٹ اے کیریئر میں ان کا تیسرا فائیو وکٹ ہال تھا۔گزشتہ چند مہینوں میں چوٹ اور بیماریوں کے باعث گل خاصے پریشان رہے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں وہ محض تین گیندیں ہی کھیل پائے تھے کہ ان کے گلے میں چوٹ لگ گئی اور انہیں میدان چھوڑنا پڑا۔ اس کے بعد وہ پوری سیریز میں کھیل نہیں سکے اور گواہاٹی میں رشبھ پنت نے ہندوستان کی کپتانی کی تھی۔اس کے بعد گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ ہی کے خلاف جاری ٹی20 سیریز کے دوران ان کے انگوٹھے میں چوٹ لگ گئی تھی، جس کے نتیجے میں انہیں بعد میں ہندوستان کی ٹی20 ورلڈ کپ ٹیم سے بھی باہر کر دیا گیا تھا۔












