دبئی، (یواین آئی ) پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی صِدرہ امین کو آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق سطح 1 کی خلاف ورزی پر سرزنش کی گئی ہے۔صِدرہ کو آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا، جو کہ "بین الاقوامی میچ کے دوران کرکٹ کے آلات، لباس، یا فیلڈ کے سامان کے غلط استعمال” سے متعلق ہے۔ اس پر انہیں باضابطہ سرزنش دی گئی اور ان کے نظم و ضبط کے ریکارڈ میں ایک ڈی میریٹ پوائنٹ بھی شامل کیا گیا۔ چونکہ یہ پچھلے 24 مہینوں میں دوسری خلاف ورزی ہے، اس لیے ان کے ڈی میریٹ پوائنٹس کی تعداد دو ہو گئی ہے۔یہ واقعہ اتوار کو بلووم فونٹین میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کے دوران پیش آیا، جب صِدرہ آؤٹ ہونے کے بعد کریز چھوڑنے سے قبل اپنا بیٹ زمین پر ماریں۔ قابل ذکر ہے کہ پانچ اکتوبر کو ہندستان کے خلاف آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے میچ میں بھی انہیں اسی غلطی پر ایک ڈی میریٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔صِدرہ نے اپنی غلطی تسلیم کر لی اور بین الاقوامی پینل آف میچ ریفری شینڈرے فریٹز کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کر لی، جس کی وجہ سے کسی سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔












