نئی دہلی، ہمارا سماج:سیلم پورمارکیٹ میں منعقدہ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سیلم پور سے آزاد امیدوار حجن شکیلہ افضال نے کہا کہ ہمیں دنیا میں اس لئے بھیجا گیا ہے کہ ہم لوگوں کے ساتھ حسن سلوک کریںاور سب سے محبت و خدمت کریں اور مذہب کے نام پر لوگوں کے درمیان نفرت کی سخت ممانعت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تو اسلام نے یہ بتایا ہے کہ اگر آپ کے پڑوس میں کوئی غیر مسلم رہتا ہے اور وہ بھوکا سوجائے تو ہمارے اوپر شیطان کی لعنت ہے۔انہوں نے کہا کہ چند دن پہلے اسی مقام پر ایک نیتا آئے تھے اور وہ خود کو مسلمانوں کا مسیحا بتا رہے تھے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ بی جے پی کے ایجنٹ ہیں اور ان کا کام مسلمانون کے ووٹوں کو تقسیم کرنا ہے ۔ اگر وہ مسلمانوں کے سچے ہمدرد ہیں تومیں ان سے معلوم کرنا چاہتی ہوں کہ جب ہمارا علاقہ فساد میں جل رہا تھے تو وہ کہاں تھے ،بے گناہوں کو گرفتار کیا جا رہا تھا تو وہ کہاں تھے جو آج مسلمانوں کو گمراہ کرنے چلے آئے ا یسے موقع پرست سیاست دانوں سے ہمیں ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے اور متحدہوکر اپنا ووٹ آٹو رکشہ کے چناوی نشان پر لگاکر موقع پرستوں کو سبق سکھائیں۔حاجی افضال نے کہا کہ ہم اپنے علاقے میں امن و امان چاہتے ہیں اور یہ بھی چاہتے ہیں کہ ہمارے علاقے میں ہندو مسلم بھائی چارہ بنا رہے مگر کچھ لوگ ایسا نہیں چاہتے ہیں وہ اس علاقے میں فرقہ وارانہ فساد کرانا چاہتے ہیں مگر ہم ان کے ناپاک منصوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ حاجی چودھری ناظم نے کہا کہ حاجی افضال اور حجن شکیلہ سیلم پور علاقہ کے وفادر ہیں جنہیں جتنا ضروری ہے۔ حاجی اشراق خان ،حاجی شفیق قریشی،عاقل سہسوانی ، آشو پردھان اور رضوان مسعودی دہلوی نے بھی خطاب کیا۔جلسہ کی صدارت حاجی چودھری ناظم علی نے اور نظامت یعقوب کپتان نے کی۔جلسے میں ٹھاکر شیو کمار،آشو پردھان ،حاجی شفیق قریشی اور دیگر کئی لوگوں نے کئی لاکھ کے نوٹوں کے ہار پہنا کر حاجی افضال اور حجن شکیلہ افضال کا استقبال کیا۔