تہران(یواین آئی) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقجی نے باور کرایا ہے کہ 31 جولائی کو حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی تہران میں ہلاکت پر ان کے ملک کا جواب نا گزیر ہے۔
اپنے اطالوی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطے میں عراقجی نے واضح کیا کہ "تہران میں اسرائیل کے دہشت گرد حملے پر ایران کا رد عمل نا گزیر ہے (تاہم) یہ سوچ سمجھ کر ہو گا”۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق "تہران ٹکراؤ سے نہیں ڈرتا تاہم اسرائیل کے بر عکس وہ اس کی کوشش نہیں کرتا ہے”۔
غیرملکی رپورٹ کے مطابق ادھر کئی اسرائیلی اور امریکی ذمے داران نے غالب گمان ظاہر کیا ہے کہ اتوار کی صبح حزب اللہ کی جانب سے ہونے والے حملے محض پہلا دور ہے۔ امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق ان ذمے داران کا خیال ہے کہ کئی ہفتوں کی تاخیر کے باوجود جوابی کارروائی آئندہ چند روز یا ہفتوں میں سامنے آئے گی۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے گذشتہ روز ایران کو خبردار کیا تھا کہ حزب اللہ کو نشانہ بنانے والے حملے صرف شروعات ہے۔
دوسری جانب متعدد با خبر ذرائع نے اس جانب اشارہ کیا ہے کہ تہران کئی اندرونی و بیرونی وجوہات کی بنا پر بالخصوص خطے میں بڑے پیمانے پر امریکی فوجی موجودگی کے بیچ لڑائی کو وسیع نہیں کرنا چاہتا۔
گذشتہ ماہ کے اواخر سے بین الاقوامی سطح پر یہ اندیشے بڑھ گئے کہ خطے میں لڑائی کا دائرہ وسیع ہو سکتا ہے۔ اس میں ایک طرف اسرائیل اور دوسری جانب ایران اور اس ہمنوا ملیشیائیں ہیں۔ یہ پیش رفت جولائی کے اواخر میں تہران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور بیروت کے جنوب میں حزب اللہ کے سینئر عسکری کمانڈر فؤاد شکر کی ہلاکتوں کے بعد سامنے آئی۔ اس کے بعد ایرانی ذمے داران اور حزب اللہ کے عہدے داران کی جانب سے اسرائیل کو شدید جوابی کارروائی کی دھمکی دی گئی۔
دریں اثنا حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے درمیان رام اللہ سیٹلمنٹ کونسل کے سربراہ نے ایک اسرائیلی بحریہ کے فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ یہ ہلاکت حزب اللہ کی جانب سے گن بوٹ پر حملہ کی وجہ سے ہوئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز ملک کے شمال میں لبنانی حزب اللہ کی جانب سے میزائلوں اور ڈرونز کی بمباری کے بعد ایک میرین کے ہلاک اور دو کے زخمی کرنے کا اعلان کیا۔فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی بحریہ کے 914 ویں فلیٹ سے تعلق رکھنے والا 21 سالہ سپاہی ڈیوڈ موشے بن شتریت شمالی اسرائیل میں لڑائی کے دوران مارا گیا۔ مزید دو فوجی زخمی ہوگئے۔ فوج نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔دریں اثنا اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک ویڈیو میں حزب اللہ کو اسرائیل میں نہاریہ بستی کے قریب ایک بحری ہدف پر حملہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ حزب اللہ کے حملے میں اتوار کی صبح بستی میں بحریہ کے ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں 5 فوجی زخمی ہونے کا کہا گیا۔












