احمد آباد، ( یو این آئی) ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا لیے ہیں۔ ایک موقع پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم شدید مشکلات کا شکار تھی، لیکن نچلے بلے بازوں کی شاندار مزاحمت نے ٹیم کو ایک قابلِ دفاع مجموعے تک پہنچا دیا۔ویسٹ انڈیز کی اننگز کسی رولر کوسٹر سے کم نہ تھی۔ اننگز کا آغاز تیز رفتار رہا، لیکن جنوبی افریقی بالرز نے باؤنس اور پیس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کالی آندھی کے بلے بازوں کو بے بس کر دیا۔ایک وقت پر ویسٹ انڈیز کے 7 کھلاڑی صرف 83 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے، لیکن یہاں سے روماریو شیفرڈ اور جیسن ہولڈر نے محاذ سنبھالا۔شیفرڈ اور ہولڈر کے درمیان 89 رنز کی جرات مندانہ شراکت داری نے ٹیم کو ایک معقول اسکور تک پہنچایا۔ ان دونوں بلے بازوں نے دباؤ کے باوجود باؤنڈریز لگانے کا سلسلہ جاری رکھا اور جنوبی افریقی بالرز کو لائن اور لینتھ بدلنے پر مجبور کر دیا۔روماریو شیفرڈ نے صرف 37 گیندوں پر 52 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ ہولڈر نے 49 رن کی اننگ کھیلی ۔اننگز کے آخری لمحات میں جنوبی افریقہ کے لنگی نگیدی نے اپنی مخصوص ‘ڈپنگ سلوور بالز اور کوربن بوش نے اپنی درست لائن و لینتھ سے رنز کی رفتار کو بریک لگائی۔ آخری دو اوورز میں جنوبی افریقہ نے صرف 13 رنز دیے، جس کی بدولت ویسٹ انڈیز کی پیش قدمی 176 پر رک گئی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے کوربن بوش سب سے کامیاب باؤلر رہے، جنہوں نے 31 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اننگز کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کوربن بوش نے کہا:یہ کرکٹ کے لیے ایک بہترین وکٹ ہے۔ شروع میں گیند تھوڑی رک کر آ رہی تھی لیکن بعد میں بیٹنگ آسان ہو گئی۔












