کانگریس صدر ملکاارجن کھرگے نے کہا ہماری نیشنل الائنس کمیٹی ریاستی اکائیوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے ، آل انڈیا کانگریس کمیٹی میں منعقدہ میٹنگ میں لیے گئے کئی اہم فیصلہ ،’ بھارت نیائے یاترا ‘کی جگہ اب ’بھارت جوڑو نیائے یاترا ‘نام رکھا گیا
اے آئی سی سی کی میٹنگ میں اور کیا کچھ ہوا
ملکاارجن کھرگے نے سب سے پہلے ایجنڈہ پیش کیا
انڈیا اتحاد کے ساتھ ہوئی میٹنگ کا بھی ذکر کیا گیا
سونیا گاندھی کی پچیس سالہ خدمات کا بھی اعتراف
یوپی اے کی دس سالہ حکومت کا بھی ذکر کیا گیا
ممتاز عالم رضوی
نئی دہلی :04،جنوری ،سماج نیوز سروس:عام انتخابات 2024؍کی تیاریوں کو لے کر کانگریس کی منعقدہ ہنگامی میٹنگ میں پھر نہیں طے ہو سکا کہ آخر انڈیا اتحاد میں سیٹوں کی تقسیم کیسے کی جائے گی اور اس میں اب تک کیا پیش رفت ہوئی ہے ۔ یہاں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر دفتر میں اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹریوں ، ریاستی صدور اور صوبوں میں کانگریس اسمبلی کے اپوزیشن لیڈروں کے ساتھ ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی ۔اس میٹنگ میں سب سے زیادہ زور’ کرائوڈ فنڈنگ ‘ اور منی پور سے ممبئی تک 6200؍کلومیٹر تک شروع ہونے والی یاترا پر رہا ۔ اس میٹنگ میں اس یاترا کا نام بدلا گیا ہے ۔ پہلے یہ یاترا ’بھارت نیائے یاترا ‘ تھی جس کو بدل کر اب ’بھارت جوڑو نیائے یاترا ‘ کر دیا گیا ہے ۔ در اصل یہ فیصلہ اس لیے لیا گیا ہے تاکہ سابقہ بھارت جوڑو یاترا کو اس سے جوڑا جا سکے ۔ یہ یاترا 14؍جنوری سے شروع ہونے جا رہی ہے ۔یہ مغرب سے لے کر مشرق تک کی یاترا ہوگی ۔ اس یاترا کا اختتام 20؍مارچ کو کیا جائے گا ۔ اس میں ایک بار پھر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کا اہم رول ہوگا ۔ علاوہ ازیں اس میٹنگ پر سب کی نظر مرکوز تھی کیونکہ اس میں طے ہونا تھا کہ سیٹوں کی تقسیم کیسے ہوگی اور اس کا کانگریس کیا خاکہ پیش کرتی ہے لیکن میٹنگ اس اعتبار سے مایوس کن رہی کیونکہ اس میں بھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا جا سکا ۔ یہ بھی غور طلب ہے کہ کانگریس نے پہلے ہی طے کر دیا ہے کہ وہ کہاں سے کتنی سیٹوں پر الیکشن لڑنا چاہتی ہے اور اس کے لیے وہ تیاری کر رہی ہے ۔ دوسری طرف کانگریس جس طرح سے یاترا پر زور دے رہی ہے اس سے بھی یہی لگ رہا ہے کہ کانگریس کی ساری توجہ اسی طرف ہے ۔ میٹنگ میں کانگریس صدر ملکا ارجن کھرگے نے سب سے پہلے اپنے خطاب میں کہا کہ اس میٹنگ کا ایجنڈہ 2024؍کے لوک سبھا الیکشن میں جیت کو یقینی بنانا اور بھارت جوڑو یاترا کی تیاری تھا ۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے لیے دونوں کامیابی ضروری ہے اس لیے ہم سب کو اس درمیان کافی وقت دینا ہے اورگفتگو کرنی ہے ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ 19؍دسمبر کو دہلی میں انڈیا اتحاد کی چوتھی میٹنگ میں سیٹوں کی تقسیم ، ای وی ایم اور سارے ضروری مسائل پر بات چیت ہوئی تھی ۔ سیٹ کی تقسیم پر بات چیت کے لیے ہماری نیشنل الائنس کمیٹی ریاستی اکائیوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے ۔ ملک بھر میں 8؍سے 10؍بڑی عوامی ریلی ہمیں مل کر کرنی ہے ۔ 21؍دسمبر کو ہماری کانگریس مجلس عاملہ کی میٹنگ ہوئی جبکہ 28؍دسمبر کو ناگ پور میں کانگریس کے 139؍ویں یوم تاسیس کے موقع پر ’’ہیں تیار ہم ‘‘ ریلی بہت شاندار تھی ۔ اس کے ساتھ کھرگے نے سونیا گاندھی کی خدمات کا ذکر کیا اور کانگریس میں اب تک کیا کیا کام ہوئے ہیں ان کا بھی تفصیلی جائزہ لیا ۔ اس میں کھرگے نے یہ بھی بتایا کہ’’ ڈونیٹ فار دیش ‘‘ کرائوڈ فنڈنگ مہم بھی شروع کی گئی ہے ۔جنرل سکریٹریوں اور انچارجوں کی بھی ذمہ داریاں طے کی گئی ہیں ۔مینو فیسٹو کمیٹی بھی بن گئی ہے جو اپنا کام کر رہی ہے ۔ اے آئی سی سی میں سوشل میڈیا اور میڈیا کا کنٹرول روم بھی بن گیا ہے ۔