کولہاپور (یو این آئی) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی-ایس پی) کے سربراہ شرد پوار نے ہفتہ کو مہاراشٹر حکومت کے بجٹ اعلانات پر شک ظاہر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ریاست کے وزیر خزانہ نے اس سال کے آخر میں ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات کو ذہن میں رکھتے ہوئے صرف بڑی بڑی باتیں کی ہیں۔مسٹر پوار نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ریاست میں لوک سبھا انتخابات میں شکست کے بعد مہایوتی حکومت کے معاشی فیصلے اسمبلی انتخابات میں بہتر کارکردگی دکھانے کے مقصد سے لئے گئے ہیں۔ محکمہ خزانہ سنبھال رہے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی طرف سے جمعہ کو خواتین اور کسانوں کے لیے کئی اسکیموں کے اعلان پرانہوں نے کہا کہ ریاست پربھاری قرض کی وجہ سے دراصل یہ اسکیمیں نہیں تھیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس، شیو سینا (یو بی ٹی) اور این سی پی -ایس پی والی مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے ) آئندہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں الیکشن لڑے گی اور عوام کے سامنے ایک اجتماعی چہرہ پیش کریں گے ۔ اس سوال پر کہ کیا ایم وی اے ادھو ٹھاکرے کو وزیراعلیٰ کے عہدے کے طور پر الیکشن لڑے گی، انہوں نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ ایم وی اے جماعتوں کے درمیان نشستوں کی تقسیم پر بات کرتے ہوئے ، انہوں نے کہا، "ابھی تک کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے ، لیکن ہم 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ایم وی اے کے ساتھ ان کے تعاون کو دیکتے ہوئے بائیں بازو کی جماعتوں کو اپنے ساتھ لیں گے ۔”مسٹر پوار نے کہا کہ اپریل سے جون تک عام انتخابات میں واضح طورپر وزیر اعظم نریندر مودی کی ضمانتوں کے خلاف عوام کا مینڈیٹ سامنے آیا ہے ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں بھی ایسا ہی ہوگا اور ایم وی اے کو اکثریت ملے گی۔لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف کے طور پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے انتخاب کا خیر مقدم کرتے ہوئے مسٹر پوار نے کہا کہ ان کا انتخاب نئی نسل کا خیر مقدم کرتا ہے اور انہوں نے حال ہی میں مکمل ہونے والے عام انتخابات میں اپنی صلاحیت کو ثابت کیا ہے ۔ جمعہ کو پارلیمنٹ میں نیٹ پر ہونے والے ہنگامے پر، انہوں نے کہا، ” پیپر لیک ایک سنگین مسئلہ ہے جس کے خطرناک نتائج ہو سکتے ہیں کیونکہ اس سے لاکھوں طلباء اور ان کی ذہنی صحت متاثر ہوتی ہے ۔ متعلقہ مرکزی وزیر کو نیٹ-یوجی 2024 کے امتحانات کے پیپر ہونے کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ انڈیا گروپ پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈروں کے خلاف سی بی آئی اور ای ڈی کے غلط استعمال کا معاملہ اٹھاتا رہے گا۔ بی جے پی زیرقیادت قومی جمہوری اتحاد کے ذریعہ 50 سال بعد بھی پارلیمنٹ میں 1975 کی ایمرجنسی کا بار بار ذکر کرنے پر، انہوں نے کہا، "یہ غیر منصفانہ ہے ۔ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے خود 19 ماہ کی ایمرجنسی لگانے پر معافی مانگی تھی۔












