نئی دہلی : کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کیلئے آج بروز بدھ 10مئی کو ووٹ ڈالے گئے۔ریاست میں سبھی 224 سیٹوں پر ایک ساتھ ووٹنگ ہوئی ۔کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی دونوں ہی اس انتخاب میں مکمل اکثریت کی حکومت بنانے کا دعویٰ کررہی ہیں ۔حالانکہ نتائج 13مئی کو آئیں گے ،جس کے بعد یہ واضح ہوگا کی ریاست میں حکومت کس جماعت کی بنے گی ۔آج انتخابات کے ختم ہوتے ہیں ایگزٹ پول کاسلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے جس میں کہیں زبردست مقابلہ دکھایا گیا ہے تو کہیں کانگریس کو سبقت کی پیشنگوئی کی جارہی ہے۔بعض ایگزٹ پول سے معلق اسمبلی کے اشارے بھی مل رہے ہیں ۔اگرچہ آج کے انتخابات کی ووٹنگ کا حتمی فیصد سامنے نہیں آیا ہے، لیکن 5 بجے تک 65.69 فیصد ووٹنگ ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ اس درمیان مختلف ٹی وی چینلز پر ایگزٹ پول کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ بیشتر ایگزٹ پول میں کانگریس حکومت بناتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ اور جے ڈی ایس کنگ میکر کے طور پر ابھرتی نظر آئی ۔کچھ ایگزٹ پول ایسے ضرور ہیں جہاں کانگریس ضروری نمبر یعنی 113 سے 5-4 سیٹیں کم ہیں، لیکن چند ایک کو چھوڑ کر سبھی ایگزٹ پول میں کانگریس سب سے بڑی پارٹی نظر آ رہی ہے۔ ریاست میں ووٹنگ کا عمل پر سکون رہا اور کہیں سے بھی کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ لوگوںووٹنگ میں دلچسپی دکھائی ۔دوپہر 3بجے تک 52.03فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔جب کہ دوپہر 1 بجے تک 37.25 فیصد ووٹ ڈالے گئے ۔بڑی تعداد میں لوگ ووٹ ڈالنے کیلئے گھروں سے نکلے اور پولنگ مراکز پر لوگوں کی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں۔کانگریس ،بی جے پی اور جے ڈی ایس کے اہم سیاسی لیڈروں نے پولنگ میں حصہ لیا ۔کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر سدارمیا نے کہا کہ کرناٹک کے لوگوں کے رجحانات کو دیکھ کر لگتا ہے کہ کانگریس 130-150 سیٹیں جیت لے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے خلاف لوگوں میں غصہ ہے۔کرناٹک کانگریس کے سربراہ ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ پچھلی بار مودی جی نے تمام ووٹروں سے کہا تھا کہ ووٹ ڈالنے سے پہلے آپ اپنا گیس سلنڈر دیکھیں، نمسکار کہیں اور پھر جائیں۔ اس بار میں بھی یہ کہوں گا کہ ہمارے وزیراعظم کی فرمائش اور مشورے کے مطابق گیس سلنڈر کی قیمت دیکھ کر ہی ووٹ دیں۔انہوں نے کہا کہ آج ووٹرز کے پاس بڑا موقع ہے اور وہ تبدیلی کو ووٹ دیں گے۔ وہ ایک ترقی پسند، عالمی اور ترقی یافتہ کرناٹک کو ووٹ دیں گے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ تبدیلی کو ووٹ دیں گے اور کانگریس کو 141 سیٹیں فراہم کریں گے۔پولنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد سروے ایجنسیوں نے اپنے ایگزٹ پول کے پٹارے کھول دئے ۔ٹی وی 9 بھارت ورش کے سروے کے مطابق بی جے پی کو 88-89 سیٹیں ،کانگریس کو 99-109،جے ڈی ایس 21-26،دیگر کو 4سیٹیں حاصل ہونے کی امید ہے ۔زی نیوز کے مطابق بی جے پی 79-94، کانگریس 103-118،جے ڈی ایس کو 25-33 جبکہ دیگر کو2-5سیٹیں مل سکتی ہیں ۔نیوز نیشن سی جی ایس ،کے مطابق بی جے پی کو 114،کانگریس کو 86،جے ڈی ایس کو 21دیگر کو 3سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔ری پبلک ٹیوی پی مارک کے مطابق بی جے پی کو 85-100سیٹیں ،کانگریس کو 94-108،جے ڈی ایس کو 24-32،دیگر کو 6سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔سورنا نیوز کے سروے کے مطابق بی جے پی کو 94-117،کانگریس کو 91-106،جے ڈی ایس کو 14-24جبکہ دیگر کو 2 سیٹیں ملیں گی۔وہیں دوسری جانب چینلوں کے سروے میں جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) کنگ میکر بنتا نظر آرہا ہے۔ کانگریس اور بی جے پی لیڈروں نے الگ الگ بیانات میں اپنی اپنی پارٹیوں کی بڑی جیت کا دعویٰ کیا ہے۔ ووٹوں کی گنتی 13 مئی کو ہوگی۔ آخری اطلاعات آنے تک تقریباً 66 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے ۔












