سڈنی، ٹی20-ورلڈ کپ میں خراب فارم کی شکار پاکستان نے بالآخر نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔اب یہ دیکھنا ہے کہ کل بھارت اور انگلینڈ کے میچ میں کیا بھارت انگلینڈ کو شکست دے کرتاریخ دہرپائے گی اور پاکستان کیساتھ فائنل میچ کھیلے گی ، اگر انڈیا انگلینڈ کو شکست دیتی ہے تو فائنل میں مقابلہ انتہائی دلچسپ ہوجائے گا اور دنوں ٹیمیں کپ جیتنے کیلئے جی جان لگا دیں گی۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی شاندار اننگ (53)اورمحمد رضوان (57)کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے پہلے سیمی فائنل میں ٹی -20ورلڈ کپ 2022کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 9وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 20اوورز میں 153رنز کا ہدف دیا جسے بابر کی ٹیم نے پانچ گیندیں باقی رہ کر حاصل کر لیا۔بابر اور رضوان نے ٹی 20-ورلڈ کپ 2022میں پہلی بار 50رنز کا ہندسہ پارکیا۔ بابر نے 42گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 53رنز بنائے جبکہ رضوان نے 43گیندوں پر 5چوکوں کی مدد سے 57رنز بنائے۔ بابر اعظم اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ کیلئے105رنز کی سنچری پارٹنرشپ کرکے ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا۔ تیسرے نمبر پر بلے بازی کیلئے آنے والے باصلاحیت نوجوان بلے باز محمد حارث نے 26گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26رنز بنائے جبکہ شان مسعود( 3ناٹ آؤٹ) نے آخری اوور کی پہلی گیند پر فاتح رن بنا کر پاکستان کو فائنل میں پہنچایا۔میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ہندوستان یا انگلینڈ سے ہوگا۔واضح رہے کہ پہلے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے آئی سی سی ٹی-20ورلڈ کپ 2022کے سیمی فائنل میں ڈیرل مچل (ناٹ آؤٹ 53) اور کین ولیمسن کے 46رنز کی بدولت پاکستان کے سامنے جیت کیلئے 153رنز کا ہدف رکھا۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بلے بازی کرتے ہوئے 49رنز پر تین وکٹیں جلد گنوائیں جس کے بعد مچل اور ولیمسن نے 68رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو دباؤ سے باہر نکالا۔ ولیمسن نے 46رن کی اپنی اننگز میں 42گیندیں کھیل کر ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ مچل جو کہ ٹی 20-ورلڈ کپ 2021کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہیرو رہے تھے ، نے 35گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ ڈیون کونوے نے 21(20)رنز بنائے جب کہ جیمز نیشم نے 12گیندوں میں ناٹ آوٹ 16رنز بنائے ۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے چار اوورز میں 24رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایک وکٹ محمد نواز کو ملی۔