نئی دہلی،8جون ،پریس ریلیز؍ہماراسماج: مسلمانوں میں تعلیمی بیداری ،دسویں ، بارہویں جماعت ،یوپی ایس سی میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے ،سماجی کارکنان کو ایوارڈ سے نوازنے کے لیے غازی پور مرغا و مچھلی منڈی کے چیئر مین حاجی مہربان قریشی کی رہائش گاہ پر دہلی کی اہم کاروباری وسماجی اورعلمی شخصیات کی اہم میٹنگ منعقد کی گئی جس میں اتفاق رائے سے یہ طے کیا گیا کہ جلد ہی ایک تقریب جامعہ ہمدرد میں منعقد کی جائے گی جس میں مذکورہ شخصیات کو ایواڑ دئے جائیں گے۔ میٹنگ میں حاجی مہربان قریشی ، بزنس اینڈ ایمپلائمنٹ بیورو( بی ای بی ) کے سکریٹری شوکت مفتی ، پروفیسر فرحت بصیر خاں ،معروف کمپنی سروکون کے ڈائریکٹر حاجی قمر الدین،حاجی محمد ظہور اٹیچی والے،دہلی وقف بورڈ کے رکن چودھری شریف احمد ، مصطفی قریشی،حاجی محمد شکیل ، نسیم احمد ، نعیم ملک ، فیصل قریشی ،محمد اخلاق ، ایڈوکیٹ افضال سوری ، محمد اقبال انصاری ،فیصل احمد کے نام قابل ذکرہیں۔ حاجی مہربان قریشی نے سبھی مہمانان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ آج یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوتا ہے کہ ہماری قوم کے بچے رات رات بھر سڑکوں پر بغیر کسی مقصد کے گھومتے نظر آتے ہیں۔دیر رات تک جاگتے ہیں اور دن گزرنے کے بعد اٹھتے ہیں اور سب سے زیادہ افسوس ان والدین پر ہوتا ہے جو اپنے بچوں کو نہ تو صحیح تربیت دے رہے ہیں اور نہ ہی تعلیم کی جانب ان کا رجحان ہے۔ انہی تمام مقاصد کے تحت آج کی یہ اہم میٹنگ منعقد کی گئی ہے ،ہم سبھی مذاہب کے بچوں کی بہتر تعلیم کے خواہاں ہیں۔شوکت مفتی نے مرحو م حکیم عبدالحمید کی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے جامعہ ہمدرد اور بی ای بی کے ذریعہ کرائے جارہے کام ، کورسس اور ٹریننگ کے بارے میں تفصیل سے بتایا ، انھوںنے پہل کرتے ہوئے کہاکہ اس تعلق سے آپ لوگ جامعہ ہمدرد میں میٹنگ کریں اور ہمارا پور ا تعاون رہے گا۔ انھوںنے کہاکہ اگر وقف بورڈ کی کوئی زمین ہمیں مل جائے تو ہم وہاں لڑکیوں کے لیے ہاسٹل قائم کریں گے۔ پروفیسر فرحت بصیر نے حاجی مہربان کی اس کاوش کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ آج کے دور میں سب سے اہم مسئلہ بچوں کی تعلیم ہی ہے اور اس پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔حاجی قمر الدین نے اپنے ادارہ سروکون ایجوکیشن سوسائٹی کے تعلق سے کہاکہ اس سال ہمارے ادارے سے چھ بچے سول سروس کے امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں اور گزشتہ سال پانچ بچے کامیاب ہوئے تھے ۔ ہمیں بلاتفریق بچوں کی تعلیم پر توجہ دینے چاہئے۔ حاجی ظہور اور نسیم احمد نے حاجی مہربان کی پہل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں کامیاب ہونے والے بچوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے تاکہ دوسرے بچوں میں بھی جذبہ پیدا ہو۔ محمد اخلاق ، ایڈوکیٹ سوری ، افضال انصاری ، مصطفی قریشی او ر نعیم ملک نے بھی میٹنگ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے نیک فعال قرار دیا اور کہاکہ ہم اس کار خیر میں آپ کے شانہ بہ شانہ چلیں گے۔میٹنگ میں یہ بھی طے کیا گیا کہ دسوی ، بارہویں ( ۹۰ فیصد نمبر حاصل کرنے والے ) اور یوپی ایس سی میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں کی فہرست تیار کی جائے اس کے لیے طلبہ سینئر صحافی فرزان قریشی سے رابطہ کریں۔












