شارجہ سے سید پرویز قیصر
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پہلی مرتبہ شرکت کررہی اسکاٹ لینڈ کو16 رن سے شکست دیکر ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں دس سال بعد پہلی جیت حاصل کی۔
اس میچ میں ٹاس پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی خواتین نے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ پر 119 رن بنائے تھے۔ شوبھنا موستاری نے سب سے زیادہ رن بنائے تھے۔ وہ41 منٹ میں دو چوکوں کی مدد سے36 رن بناکر آوٹ ہوئی تھیں، اسکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹ پر 103 رن بنائے اور میچ16 رن سے گنوادیا۔ اسکات لینڈ کی سارہ برائس اننگ کی ابتدا سے اختتام تک ناٹ آوٹ رہیں۔ انہوں نے80 منٹ میں52 بالوں پر ایک چوکے کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر49 رن بنائے۔ بنگلہ دیش کی ریتو مونی نے چار اوور میں 15 رن دیکر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور پلیر آف دی میچ منتخب ہوئیں۔
بنگلہ دیش کی خواتین نے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں ابھی تک جو22 میچ کھیلے ہیں ان میں تین میچوں میں اسے کامیابی ملی ہے اور 19 میں شکست ہوئی ہے۔ اس نے دس سال بعد اس ٹورنامنٹ میں کوئی کامیابی اپنے نام کی ہے۔اس سے پہلے اس نے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں جو دو جیتیں حاصل کی تھیں وہ اس نے اپنے گھر پر2014 میں ہوئے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں حاصل کی تھیں۔ اس نے دونوں مرتبہ سلہٹ میں جیت درج کی تھی۔ اس میدان پر پہلے تین میچوں میں شکست کے بعد بنگلہ دیش کی خواتین نے یکم اپریل2014 کو ہوئے میچ میں سری لنکا کی خواتین کو غیر متوقع طور پر شکست دی تھی جو ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں اس کی پہلی جیت بھی تھی۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے مقررہ20 اوور میں نو وکٹ پر 115 رن بنائے تھے۔سب سے زیادہ رن رومانہ احمد بنانے میں کامیاب ہوئی تھیں۔ انہوں نے46 منٹ میں34بالوں پر تین چوکوں کی مدد سے41 رن بنائے تھے۔ سری لنکا کی خواتین مقررہ20 اوور میں نو وکٹ پر 112 رن ہی بنا سکی جسکی وجہ سے اسے تین رن سے شکست ہوئی۔ یسودہ مینڈس نے سب سے زیادہ 33رن بنائے ، 39 منٹ میں 33 بالوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے۔ رومانہ احمد جنہوں نے چار اوور میں 23 رن دیکر ایک وکٹ بھی لیا تھا، پلیر آف دی میچ بنی۔
اس جیت کے دو دن بعد اسی میدان پر بنگلہ دیش نے آئیر لینڈ کی خواتین کے خلاف17 رن سے جیت حاصل کی۔ ٹاس جیت کرپہلے بلے بازی کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی خواتین نے مقررہ20 اوور میں سات وکٹ پر106 رن بنائے تھے۔ افتتاحی بلے باز شمیم اختر نے سب سے زیادہ رن بنائے تھے ۔ وہ63 منٹ میں46 بالوں پر تین چوکوں کی مدد سے35 رن بنانے میں کامیاب رہی تھیں۔ آئیر لینڈ کی سبھی کھلاڑی19.3 اوور میں89 رن بناکر آوٹ ہوئیں جس کی وجہ سے میزبان ٹیم نے17 رن سے جیت اپنے نام کی تھی۔
اس جیت کے بعد بنگلہ دیش کی خواتین نے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں جو سولہ میچ کھیلے ان سبھی میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بنگلہ دیش کی خواتین نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف ابھی تک جو پانچ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں ان سب میں اس نے جیت اپنے نام کی ہے۔ اس سے زیادہ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ بنگلہ دیش کی خواتین نے تھائی لینڈ کے خلاف جیتے ہیں۔ تھائی لینڈ کی خواتین کے خلاف بنگلہ دیش کی خواتین نے ابھی تک جو سات ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں ۔ان سب سے جیت حاصل کی ہے۔
اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں ناہیدہ اختر نے چار اوور میں 19 رن دیکر ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا اور وہ خواتین کے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے والی بنگلہ دیش کی پہلی اور کل ملاکر چودھویں بالر بنیں۔ انہوں نے88ویں میچ میں یہ سنگ میل عبور کیا۔