نئی دہلی ،11جون ،سماج نیوزسروس: جان مال کی قربانیاں دیں مگر کسان حکومت کے سامنے نہیں جھکے اورحکو مت کو ہی جھکنے پر مجبور ہونا پڑا جس سے سبق لے کر خواتین پہلوانوں کو اپنے حوصلے مضبوط وبلند رکھنے کی ضرورت ہے اور کانگریس ساتھ کھڑی ہے اسی لئے کانگریس نے نیو عثمان پور شیو مندر کے میدان میں مہا پنچایت کر کے خواتین پر مظالم کے خلاف اعلان جنگ کردیا ہے ، اب خواتین کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ،کسی کو بھی خواتین کی عزت و آبر و سے کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اوربی جے پی ملزم برج بھوشن کی پشت پناہی سے اجتناب کر کے اسے بلا تاخیر گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے ۔ خواتین پہلوانوں نے گولڈ میڈل حاصل کر کے ہمارے ملک کا وقار پوری دنیا میںبلند کیا ہے جن کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت کی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار کانگریس لیڈران نے خواتین پہلوانوں کی حمایت میں منعقدہ مہا پنچایت میں کیاجس کے اہتمام میں گھونڈہ اسمبلی حلقہ کے سابق رکن اسمبلی بھیشم شرما پیش پیش تھے جس کی صدارت چودھری پھول سنگھ پھولا اور نظامت بھیشم شرما نے کی۔ تحریک کے قائد دوندر یادو نے کہا کہ جس طرح بی جے پی ملزم برج بھوشن کو تحفظ فراہم کررہی ہے اورکانگریس اس وقت تک کانگریس خاموش نہیں بیٹھے گی جب تک برج بھوشن جیل کی سلا خوں کے پیچھے نہیں جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے اقتدار میں اگر کسی نے غلطی کی ہے تو اسے باہر کا راستہ دکھاکر اس کے خلاف کارواہی کی ہے مگر بی جے پی حکومت میں ملزم آزاد ہے۔حکومت دہلی کے سابق وزیرمنگت رام سنگھل نے کہا کہ گزشتہ دوران آٹھ برس سے ظلم کا بول بالا ہے جس کی نتیجہ میں ملک کے کونے کونے میں ظلم کیخلاف کانگریس کو عوامی حمایت مل رہی ہے جس سے لگتا ہے کہ 2024 کے پارلیمانی الیکشن میں پورے ملک میں کانگریس کا پرچم لہرائے گا۔
ڈاکٹر نریندر ناتھ نے کہا کہ دہلی میں جو پارٹی بدعنوانی کے خلاف ایمانداری کی بنیاد پر برسر اقتدار آئی تھی جس کے دو منسٹربدعنوانی میں ملوث جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔مصطفی آباد کے سابق رکن اسمبلی حسن احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار میں خواتین میں عدم و تحفظ کا شدید احساس ہے اور اسی وجہ سے خواتین حیوایت کا شکار ہورہی ہیںجس کے خلاف کانگریس آواز بلند کررہی ہے اور پہلوان خواتین کی حمایت میں بھی کانگریس نے ایک تحریک کی شکل دے کر حکومت سے مطالبہ ہے کہ برج بھوشن کو بلا تاخیر گرفتار کر کے اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک کی پہلوان خواتین نے گولڈ میڈل حاصل کر کے دنیا میں ملک کا وقار بلند کیا ہے جن کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت کی ہے ۔ قمر کرن سنگھ،سریندر کمار،چودھری چتر سنگھ،آدیش بھاردواج،پرتاب چودھری،جے کشن،مدت اگر وال ،راجندر پردھان ،راجیو شرما ،اجے کمار نے بھی اپنے اظہار خیال میں موجودہ حکومتوں کی ناکامی پر ناراضگی جتائی ہے۔اس موقع پر حاجی محمد خوشنود ، جاوید چودھری ، نعیم احمد انصاری ، ماسٹر محمد اصغر ،انوپ سنگھ ، بلراج ، نعیم احمد ،محمد سفیان ،محمد اسحاق ،عابد نوری ، ریاض الدین صدیقی ،آزاد سیفی ،گل محمد ،محمد نوشاد ،سلیم کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔