عدن، (یو این آئی) سعودی عرب کے یمن میں سفیر نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ جنوبی عبوری کونسل (ایس ٹی سی) کے رہنما عیدروس الزبیدی نے جمعرات کو عدن جانے والے سعودی وفد کے طیارے کو اترنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ عدن بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازوں کی روک تھام خلیجی طاقتوں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے بحران کی تازہ ترین علامت ہے، جن کی رقابت جنگ زدہ یمن کی تشکیل بدل رہی ہے۔ سعودی سفیر محمد الجابر نے جمعہ کو ایکس پر کہا کہ کئی ہفتوں سے سعودی عرب نے جنوبی عبوری کونسل کے ساتھ مل کر اس کشیدگی کو روکنے کی تمام کوششیں کیں لیکن اسے عیدروس الزبیدی کی طرف سے مسلسل انکار اور ضد کا سامنا رہا ہے ۔سفیر نے مزید کہا کہ زبیدی نے جمعرات کو عدن ہوائی اڈے پر فضائی ٹریفک بند کرنے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ سعودی وفد کے طیارے کو اترنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔جمعرات کو ایک بیان میں ایس ٹی سی کے زیر کنٹرول وزارت مواصلات نے سعودی عرب پر فضائی ناکہ بندی عائد کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ ریاض نے اضافی چیک کے لیے تمام پروازوں کو سعودی عرب کے راستے جانا لازمی قرار دیا ہے۔ یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات ایس ٹی سی کی حمایت کرتا ہے جس نے گزشتہ ماہ جنوبی یمن کے علاقے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت سے چھین لیے جس کی حمایت سعودی عرب نے کی تھی۔












