اتر پردیش

اجیت کمار نے رام پور رضا لائبریری کے ڈائریکٹر کا چارج سنبھالا

صدام حسین دامی 
رام پور: وزارت ثقافت حکومت ہند کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم کے مطابق مرکزی سیکرٹریٹ لائبریری، نئی دہلی کے ڈائریکٹر اجیت کمار کو رام پور رضا لائبریری کے ڈائریکٹر کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ اجیت کمار نے باضابطہ طور پر 13 نومبر کو رام پور رضا لائبریری کے ڈائریکٹر کااضافی چارج سنبھالا۔عہدہ سنبھالنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پراجیت کمار نے انسٹی ٹیوٹ کے قیمتی مخطوطات، نایاب کتابوں اور تاریخی ورثے کے تحفظ، ڈیجیٹائزیشن اور تحقیقی سرگرمیوں کو مزید تقویت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔معلوم رہے کہ اجیت کمار اس وقت سنٹرل سکریٹریٹ لائبریری، نئی دہلی کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور لائبریری اور انفارمیشن سائنس کے شعبوں میں وسیع انتظامی تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کی قیادت میں رام پور رضا لائبریری کی تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں کو نئی رفتار ملے گی۔