بارہ بنکی میں شادی شدہ خاتون نے تین بیٹیوں کے ساتھ خودکشی کی
بارہ بنکی (یو این آئی) اترپردیش کے بارہ بنکی ضلع کے نگر کوتوالی علاقے میں جمعہ کی دیر شام ذہنی دباؤ سے پریشان ایک خاتون نے اپنی تین بیٹیوں کے ساتھ ٹرین کے آگے کود کر خودکشی کرلی۔ واقعے کے وقت خاتون کا شوہر اپنی بڑی بیٹی کے ساتھ کپڑے خریدنے بازار گیا ہوا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نگر کوتوالی کے گاندھی نگر کے رہنے والے رام تیج پال کی اہلیہ کرن دیوی (39) اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ رہتی تھیں۔ رام تیج پال نے بتایا کہ کرن کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں رہتی تھی۔ جمعہ کی دوپہر وہ اس کی دوا لے کر آیا تھا۔ اس کے بعد بڑی بیٹی ریا کو ساتھ لے کر کپڑے خریدنے بازار چلا گیا۔ اسی دوران کرن تینوں بچوں کو لے کر گھر سے نکل گئی اور ریلوے پٹری پر پہنچ گئی۔ ٹرین کی زد میں آنے سے چاروں کی موت ہوگئی۔
شوہر کے مطابق اس کی اہلیہ بیماری سے پریشان تھی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور معاملے کی جانچ شروع کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رام تیج پال محکمہ جنگلات میں چوتھے درجے کا ملازم ہے۔
