اتر پردیش

پولیس مقا بلے میں 50ہزار کاانعا می بد نام زمانہ گینگسٹر نسیم درانی ہلاک

نوئیڈا ایس ٹی ایف اور دہلی پولیس کرائم برانچ نے مشترکہ طور پر کامیا بی حاصل کی

بلند شہر ،ناظم بیگ ؍سماج نیوز سروس:ضلع بلند شہر کے سکندرآباد علاقے میں جمعہ کی علی الصبح نوئیڈا ایس ٹی ایف اور دہلی پولیس کرائم برانچ کی مشترکہ ٹیم کے ساتھ ہوئی زبردست مڈبھیڑ میں بدنام زما نہ گینگسٹر اور 50 ہزار روپے کا انعامی بدمعاش نسیم درانی مارا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ نسیم درانی انڈر ورلڈ کے ڈی کمپنی نیٹ ورک سے وابستہ تھا اور دہلی میں پیش آئے ایک سنسنی خیز قتل کے معاملے میں مطلوب تھا۔ وہ پولیس سے بچنے کے لیے مسلسل اپنے ٹھکانے تبدیل کر رہا تھا۔ اس پر غازی آباد سے 50 ہزار روپے انعام کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق دہلی پولیس اور ایس ٹی ایف کی ٹیمیں کافی عرصے سے 37 سالہ نسیم درانی ولد اسلام الدین ساکن گلی نمبر 6، راجیو گاندھی نگر، نیو مصطفی آباد دہلی کی تلاش میں مصروف تھیں۔ جمعہ کی علی الصبح خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مشترکہ ٹیم نے بلندشہر کے سکندرآباد تھانہ علاقے میں ہائی وے کے قریب جاٹ چوک پر اس کی گھیرابندی کی۔ خود کو پولیس سے گھرا دیکھ کر بدمعاش نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں دونوں جانب سے گولیاں چلیں، جس میں نسیم درانی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس اہلکار اسے فوری طور پر اسپتال لے کر پہنچے، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
بتایا جاتا ہے کہ نسیم درانی نے محض چار روز قبل ہی دہلی میں ایک بڑی واردات کو انجام دیا تھا۔ 16 نومبر کی رات شمال مشرقی دہلی کے سونیا وہار علاقے میں دہلی حکومت کے وزیر اور بی جے پی رکن اسمبلی کپل مشرا کے کیمپ دفتر کے باہر 15 سے 20 راؤنڈ سے زائد اندھا دھند فائرنگ کی گئی تھی۔ اس واردات میں سمیر نامی نوجوان کا بے رحمی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد سے ہی نسیم فرار چل رہا تھا اور دہلی کرائم برانچ کی تفتیش میں اس کا نام اہم ملزم کے طور پر سامنے آیا تھا۔
نسیم درانی کا مجرمانہ ریکارڈ بھی کافی طویل بتایا جاتا ہے۔ اس کے خلاف قتل، قتل کی کوشش اور لوٹ مار سمیت 25 سے زائد سنگین مجرمانہ مقدمات درج تھے۔ اس کے انڈر ورلڈ کے ڈی کمپنی نیٹ ورک اور چھوٹا شکیل سے روابط ہونے کی بات بھی سامنے آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سال 2016-17 میں چھوٹا شکیل نے اسے تہاڑ جیل میں بند چھوٹا راجن کے قتل کی سپاری دی تھی۔ اس کے علاوہ طارق فتح کے قتل کی سازش رچنے جیسے سنگین الزامات بھی اس پر عائد ہو چکے تھے۔نسیم درانی کی ہلاکت کو اترپردیش اور دہلی پولیس کے لیے ایک بڑی کامیابی تصور کیا جا رہا ہے۔ مشترکہ پولیس ٹیم کی اس کارروائی کے بعد دونوں ریاستوں کی پولیس نے راحت کی سانس لی ہے۔