اے ایم یو میں طبی آلات کے دوبارہ استعمال اور مریضوں کی حفاظت پر پینل مباحثہ کا اہتمام
علی گڑھ، : ہاسپٹل انفیکشن سوسائٹی آف انڈیا کے علی گڑھ چیپٹر نے جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ہاسپٹل انفیکشن کنٹرول کمیٹی کے اشتراک سے ”طبی آلات کے دوبارہ استعمال کی ممانعت اور مریضوں کی حفاظت، صحت سہولیات کی کم لاگت اور ضابطہ جاتی چیلنجز“ موضوع پر ایک پینل مباحثہ منعقد کیا جس میں کارڈیاتھوریسک سرجری شعبہ کے صدر پروفیسر محمد اعظم حسین، شعبہ مائیکرو بایولوجی کی پروفیسر فاطمہ خان، شعبہ قانون کے پروفیسر سید علی نواز زیدی، شعبہ مائیکرو بایولوجی کے ڈاکٹر پرویز اے خان اور شعبہ کارڈیالوجی کے ڈاکٹر سید علی ہادی رضوی شامل ہوئے۔ فیکلٹی آف لا کی ڈاکٹر کنیکا بترا اور مس آمنہ حسین نے سیشن کی نظامت کی۔
مباحثہ میں جراثیم سے پاک ماحول برقرار رکھنے، طبی نگہداشت کے دوران انفیکشن کی روک تھام اور مریضوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے صرف ایک بار استعمال ہونے والے طبی آلات کے دوبارہ استعمال سے گریز کی اہمیت پر توجہ مرکوز کی گئی۔ پینل کے ارکان نے انفیکشن کی روک تھام اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ان کی کم لاگت، آلات کی خریداری کے تقاضوں اور ضابطہ جاتی پابندیوں کے درمیان توازن قائم کرنے کے چیلنجوں کا بھی ذکر کیا۔
اس موقع پر معالجین، انفیکشن کنٹرول ٹیموں، نرسنگ اسٹاف، آلات کی جراثیم کشی اور سپلائی کی خدمات سے وابستہ عملے، بایومیڈیکل انجینئرنگ یونٹس اور اسپتال انتظامیہ کے درمیان باہمی رابطے اور تال میل کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ قانونی نقطہ نظر سے طبی آلات سے متعلق رہنما اصولوں کی پابندی اور ادارہ جاتی جواب دہی کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔
