روسی ماہرینِ معاشیات اور قانون کے پروفیسروں کی اے ایم یو کے اساتذہ اور طلبہ سے ملاقات
علی گڑھ، : ماہرین معاشیات اور قانون کے پروفیسرز پر مشتمل روسی ماہرین کے ایک وفد نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مختلف شعبوں اور اداروں کا دورہ کیا اور اساتذہ و طلبہ سے تبادلہ خیال کیا۔ اس دورے کا مقصد علمی تبادلے اور بین الاقوامی تعاون کے امکانات تلاش کرنا تھا۔ شعبہ معاشیات نے اس علمی سرگرمی میں پہل کرتے ہوئے روسی ماہرین کے ساتھ ایک نشست منعقد کی۔
شعبہ معاشیات کے چیئرمین پروفیسر ایس ایم جاوید اختر نے پروفیسر اولگا ٹروفیمنکو اور پروفیسر اناستاسیا شینا کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے مہمانوں کو شعبے کے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں، ریسرچ کے موضوعات اور علمی بنیادی ڈھانچے، بشمول سیمینار لائبریری، کمپیوٹر لیبارٹری اور تحقیقی سہولیات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔
اس ملاقات میں مشترکہ تحقیقی منصوبوں، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلہ پروگراموں اور پی ایچ ڈی کے مقالوں کی جانچ کے لیے روسی ماہرین کی بطور بیرونی ممتحن خدمات حاصل کرنے کے امکانات پر غور کیا گیا۔ پروفیسر محمد آصف، پروفیسر محمد اعظم خان، پروفیسر محمد فردوس احمد اور دیگر اساتذہ نے تبادلہ خیال میں حصہ لیا۔ وفد کی رہنمائی شعبہ فزیکل ایجوکیشن کے ڈاکٹر محمد ارشد باری اور شعبہ غیر ملکی زبانوں کے ڈاکٹر مراد احمد خان نے کی، جبکہ ڈاکٹر شیریں رئیس نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔
ایک دیگر سرگرمی کے تحت ماسکو اسٹیٹ لا یونیورسٹی کے پروفیسروں پر مشتمل وفد نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ہال کا دورہ کیا اور طلبہ سے ملاقات کی۔ وفد میں پروفیسر وکٹر ماچخن، پروفیسر اسٹینسلاو بوبوفکن اور پروفیسر میخائل نباتوف شامل تھے۔ ہال کے پرووسٹ پروفیسر محمد طارق نے ڈاکٹر گورو وارشنے اور ڈاکٹر ابصار قدوائی، وارڈنز، اور سینئر مسٹر حماد خان کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔ مہمان پروفیسروں نے بین الاقوامی قانونی تعلیم، قانون کے شعبے میں ہونے والی عصری پیش رفت اور روس میں دستیاب علمی مواقع کے بارے میں گفتگو کی۔ اس ملاقات سے طلبہ کو قانونی نظام کے بارے میں جاننے اور بین ثقافتی علمی تبادلے میں حصہ لینے کا موقع ملا۔ پروفیسر محمد طارق نے کلماتِ تشکر ادا کیے۔
