کسانوں کے بجلی کنکشن کاٹنے پر حکومت اور پاور کارپوریشن کے خلاف شدید ناراضگی
حکومت نے اگر مناسب اقدام نہیں کئے تواس کا خمیازہ آنے والے اسمبلی الیکشن میں بھگتا پڑے گا : بھگت سنگھ
دیوبند،(سما ج نیوز سروس)گنے کی کروڑوں روپے کی باقی ماندہ رقومات کی ادائیگی نہ ہونے سے مالی پریشانی جھیلنے والے کسانوں پر اب بجلی بل کی وصولیابی کی کارروائی بہت بھاری پڑرہی ہے ۔ناگل اورتلہیڑی بزرگ علاقہ میں پاور کارپوریشن کی ٹیموں کی جانب سے دس سے بیس ہزار روپے تک کے بقایا داروں پر کارروائی کرنے اور بجلی کے کنکشن کے کاٹے جانے سے کسانوں میں شدید ناراضگی پیدا ہوگئی ہے ۔کسانوں کا کہنا ہے کہ بجاج شوگر فیکٹری پر پچھلے کئی سیزن کے بقایا جات کی ادائیگی نہ کرنے پر اس کے خلاف نہ تو کوئی کارروائی کی جاتی ہے نہ آر سی کاٹی جاتی ہے ۔جبکہ کسانوں کی جانب بجلی کے معمولی بقایا بلوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے وصولیابی کی کارروائی کی جارہی ہے اور ان کے کنکشن کاٹے جارہے ہیں جس کی وجہ سے کسان اور مزدوروں کے گھروں میں اندھیرا چھایا ہوا ہے ۔کسان لیڈران کے مطابق پاور کارپوریشن کی ٹیمیں وصولیابی کے نام پر دیہی علاقوںمیں پہنچ کر بقایا داروں کے کنکشن کاٹ کر نوٹس دی رہی ہیں ۔کسانوں کا کہنا ہے کہ تلہیڑی بزرگ بجلی گھر اور ناگل علاقہ میں ہونے والی اس کارروائی سے لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگیا ہے ان کا کہنا ہے کہ بورڈ امتحانات نزدیک ہونے کی وجہ سے بجلی نہ ملنے پر طالب علموں کو امتحان کی تیاری کرنے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔کسان لیڈران نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پاور کارپوریشن نے بڑے بقایا داروں کے خلاف نرم رویہ اپنا رکھا ہے ۔اس کے برعکس چھوٹے چھوٹے بلوں کی ادائیگی نہ ہونے پر کنکشن کاٹے جانے کی کارروائی کی جارہی ہے ۔کسانوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر گنے کے بقایا جات کی جلد ادائیگی نہیں ہوئی اور بجلی محکمہ بقایاداروں کو اسی طرح پریشان کرتا رہا توکسان آنے والے اسمبلی الیکشن کا بائیکاٹ کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔بھارتیہ کسان یونین کے صدر ونے کمار نے کہا کہ بجلی افسران کی من مانی کسی بھی حالت میں برداشت نہیں کی جائے گی ۔جبکہ کسان یونین کے سابق صوبائی کنوینر شیام ویر تیاگی نے کہا کہ حکومت پہلے کسانوں کے بقایا جات کی ادائیگی کرائے اس کے بعد بجلی بلوں کو جمع کرانے کا مطالبہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کسان اپنے بچوں کی اسکولی فیس جمع نہ کرنے کی بھی حالت میں نہیں ہے ۔ایسی صورت میں بجلی کنکشن کاٹ دینا سراسر ناانصافی ہے ۔کسان لیڈر بھگت سنگھ ورما نے پاور کارپوریشن کی اس کارروائی کو ظلم اور ناانصافی بتاتے ہوئے حکومت سے مداخلت کرنے کی اپیل کی ۔ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کارروائی سے کسانوں میں ناراضگی بڑھ رہی ہے اور اگر حکومت نے کوئی مناسب فیصلہ نہیں کیا تو کسانوں میں شدید ہوجانے والے غصہ کا نقصان آنے والے اسمبلی الیکشن میں برسر اقتدار پارٹی کو اٹھانا پڑے گا ۔
