زرعی پیداوار منڈی پریشد کے ڈائریکٹر نے کانپور کی چکرپور منڈی کا اچانک معائنہ کیا
جگہ جگہ گندگیملنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر انتظامیہ (مارکیٹنگ) سنجے کمار سنگھ اور منڈی کمیٹی کانپور کے سکریٹری وجن کمار بالیان کی سخت سرزنش کی
کانپور، (یو این آئی) کانپور کی چکرپور منڈی میں صفائی کے ناقص انتظامات پر اتر پردیش ریاستی زرعی پیداوار منڈی پریشد کے ڈائریکٹر جتیندر پرتاپ سنگھ نے سخت رویہ اختیار کیا ہے۔ بدھ کے روز اچانک معائنے کے دوران جگہ جگہ گندگی اور نالیاں بند ملنے پر انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر انتظامیہ (مارکیٹنگ) سنجے کمار سنگھ اور منڈی کمیٹی کانپور کے سکریٹری وجن کمار بالیان کی سخت سرزنش کی۔دونوں افسران کو نوٹس جاری کرکے 10 دن کے اندر انتظامات بہتر بنانے کی مہلت دی گئی ہے۔ مقررہ مدت میں بہتری نہ آنے پر معطلی کی کارروائی کی جائے گی۔ 28 نومبر کو ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم منڈی کے انتظامات کی دوبارہ جانچ کرے گی۔
معائنے کے دوران ڈائریکٹر کو منڈی کے احاطے میں کئی مقامات پر گندگی نظر آئی۔ نالیاں بند پائی گئیں، جن کی کئی دنوں سے صفائی نہیں ہوئی تھی۔ صفائی کے انتظامات پر ہر ماہ مناسب رقم خرچ ہونے کے باوجود ایسی صورت حال دیکھ کر انہوں نے افسران سے جواب طلب کیا۔ انہوں نے نالیوں کی صفائی، کچرے کو باقاعدگی سے اٹھانے اور پورے احاطے میں صفائی کے انتظامات درست کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے ساتھ ہی منڈی کے احاطے کو غیر قانونی قبضوں سے پاک کرانے اور خراب اسٹریٹ لائٹس کو درست کرانے کو بھی کہا۔
