اتر پردیش

بلند شہر میں چوروں نے عطیہ بکس سے لاکھوں روپے کی نقدی اڑا لی

بلند شہر (یو این آئی) اتر پردیش کے ضلع بلند شہر کے سکندرآباد کوتوالی علاقے کے سرودھن گاؤں میں واقع ایک مندر میں گزشتہ رات نامعلوم چور دو عطیہ بکسوں سے لاکھوں روپے کی نقدی چوری کرکے فرار ہو گئے۔ چوروں نے ایک عطیہ بکس کا تالا توڑ کر اس میں رکھی نقدی نکال لی، جبکہ دوسرے عطیہ بکس کو اکھاڑ کر اپنے ساتھ لے گئے۔ واردات کے وقت مندر کے احاطے میں سوئے ہوئے پجاری کے کمرے کا دروازہ بھی چوروں نے باہر سے بند کر دیا تھا۔ ایس پی سٹی ابھیشیک کمار اجے نے بتایا کہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مندر کے پجاری دیاشنکر کے مطابق، دونوں عطیہ بکسوں میں گزشتہ تین برس سے عقیدت مندوں کی جانب سے چڑھائی گئی عطیات کی رقم جمع تھی۔ انہوں نے بتایا کہ رات تقریباً ایک بجے وہ رفع حاجت کے لیے اٹھے تھے۔ اس کے بعد صبح تقریباً پانچ بجے بیدار ہونے پر انہیں مندر میں چوری کا پتہ چلا۔ ایک عطیہ بکس کا تالا ٹوٹا ہوا تھا، جبکہ دوسرا غائب تھا۔پجاری نے بتایا کہ چوروں نے ان کے کمرے کا دروازہ باہر سے بند کر دیا تھا۔ بعد میں گاؤں والوں نے مندر کے مرکزی دروازے کا تالا توڑ کر انہیں باہر نکالا۔ دیوالی کے موقع پر مندر میں چوری کی واردات سے گاؤں والوں میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے چوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔