اتر پردیش

کشی نگر میں کرین اور کار کے تصادم میں دو افراد ہلاک

کشی نگر،  (یو این آئی): ضلع کشی نگر کے کپتان گنج تھانہ علاقے میں منگل کی دیر رات کپتان گنج-پرتاول شاہراہ پر اندوپور چوراہے کے قریب کار اور کرین کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر ہو گئی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار دو افراد ہلاک ہو گئے۔ حادثے کے بعد کرین ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق، دیوریا سے کسی تقریب میں شرکت کر کے واپس گھر لوٹ رہے کار سواروں کی کپتان گنج-پرتاول شاہراہ پر اندوپور چوراہے کے نزدیک سامنے سے آنے والی کرین سے زوردار ٹکر ہو گئی، جس میں کار میں سوار دونوں افراد شدید زخمی ہو گئے۔ مقامی لوگوں نے اس حادثے کی اطلاع کپتان گنج پولیس کو دی۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس نے دونوں زخمیوں کو کار سے باہر نکال کر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کپتان گنج پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔
مہلوکین کی شناخت ضلع مہاراج گنج کے بھٹولی تھانہ علاقے کے لکشمی پور دیوروا کے رہائشی نتیانند منی ترپاٹھی (49) اور کار ڈرائیور ادھو پانڈے (44) کے طور پر ہوئی ہے۔ نتیانند منی ترپاٹھی جوکھن منی ترپاٹھی انٹر کالج، لکشمی پور دیوروا میں پرنسپل تھے۔
اس سلسلے میں کپتان گنج تھانہ انچارج دھیریندر رائے نے آج بدھ کے روز بتایا کہ دونوں لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے حادثے میں ملوث کرین کو قبضے میں لے لیا ہے جبکہ کرین ڈرائیور فرار ہے۔ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔