Featured

یوگی نے 1,594 نوجوانوں کو تقرری نامے دیے، کہا ایس پی 30 لاکھ نوکریوں کا حساب دے

لکھنؤ، 27 نومبر (یو این آئی) وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو اتر پردیش ماتحت خدمات انتخابی کمیشن کے ذریعے منتخب کیے گئے 1,594 نوجوانوں میں تقرری نامے تقسیم کیے۔ راجدھانی لکھنؤ میں منعقدہ تقریب میں 201 آڈیٹرز اور 1,393 معاون اکاؤنٹنٹس کو تقرری نامے دیے گئے۔ اس موقع پر یوگی نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو پر براہ راست حملہ کیا۔

یوگی نے کہا، ”اکھلیش یادو کہہ رہے ہیں کہ وہ 30 لاکھ نوکریاں دیں گے۔ کہاں سے دیں گے؟ پہلے یہ بتائیں کہ سماج وادی پارٹی کی 4 بار حکومت میں کتنے لوگوں کو نوکریاں دی گئیں؟ اپنا ماضی بتائیے۔ سب کو معلوم ہے کہ آپ کا ماضی اچھا نہیں تھا تو مستقبل بھی اچھا نہیں ہوگا۔”

انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کے 7 ادوار حکومت میں جتنی نوکریاں نہیں دی گئیں، اس سے دوگنی سے بھی زیادہ نوکریاں ہم نے ساڑھے 9 سال میں دی ہیں۔ تقریباً 10 لاکھ نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں فراہم کی گئی ہیں۔ ہمارے تقرری ناموں کی گنتی سیفئی سنڈیکیٹ نہیں کر پائے گا، اسے تو صرف نوٹ گننا آتا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ تو ابھی شروعات ہے۔ اگلے ہفتے 50 ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو تقرری نامے دیے جائیں گے، جن میں 8 ہزار لیکھ پال، 42 ہزار ہوم گارڈ اور محکمہ تعلیم کے 2 ہزار امیدوار شامل ہوں گے۔

یوگی نے کہا کہ 2017 سے پہلے نوکری کا اشتہار جاری ہوتے ہی چچا بھتیجے کی جوڑی وصولی کے لیے نکل پڑتی تھی۔ امتحان کوئی اور دیتا تھا اور نوکری کسی دوسرے کو ملتی تھی۔ صورت حال فلم ‘منّا بھائی ایم بی بی ایس’ جیسی تھی۔

انہوں نے کہا کہ 2015-16 میں اتر پردیش پبلک سروس کمیشن کا ٹاپر ہائی اسکول، انٹرمیڈیٹ اور گریجویشن میں تھرڈ ڈویژن تھا، لیکن پی سی ایس میں اول مقام حاصل کرکے ایس ڈی ایم بن گیا۔ اس نے خود اول مقام حاصل نہیں کیا تھا بلکہ اسے اول مقام دلوایا گیا تھا۔ آج کسی سے پیسے نہیں مانگے جاتے، یہی نئے اتر پردیش کی پہچان ہے۔

پرانی پنشن کے سلسلے میں سماج وادی پارٹی کے وعدے پر وزیر اعلیٰ نے سوال کیا کہ او پی ایس کی بات کرنے والے یہ بتائیں کہ این پی ایس کس نے نافذ کی تھی؟ 2005 سے 2017 تک پنشن کے کھاتے تک نہیں کھولے گئے اور حکومت نے اپنا حصہ بھی جمع نہیں کرایا۔ ہم نے 10 ہزار کروڑ روپے جمع کرکے کھاتوں کو درست کیا اور اپنا حصہ 10 فیصد سے بڑھا کر 14 فیصد کردیا۔

گومتی ریور فرنٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس کا بجٹ 167 کروڑ روپے تھا، لیکن 1,400 کروڑ روپے خرچ کرنے کے باوجود کام ادھورا رہا۔ جے پی این آئی سی کے لیے 200 کروڑ روپے کی تفصیلی منصوبہ جاتی رپورٹ تیار کی گئی تھی، لیکن 800 کروڑ روپے خرچ کرنے کے بعد بھی اسے ادھورا چھوڑ دیا گیا۔ پیسہ لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنائی گئیں اور جیل چھوٹے ملازمین کو جانا پڑا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہلے نوجوان کٹے اور بم بناتے تھے، لیکن آج اتر پردیش کے نوجوان براہموس میزائل اور جدید رائفلیں بنا رہے ہیں۔ ہم نے مصنوعی ذہانت، ڈرون اور روبوٹکس جیسے کورس شروع کرائے ہیں۔

یوگی نے کہا کہ ریاست کی معیشت ساڑھے 12 لاکھ کروڑ روپے سے بڑھ کر 36 لاکھ کروڑ روپے ہوگئی ہے، فی کس آمدنی 3 گنا ہوگئی ہے اور بجٹ 9.70 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ہوگیا ہے۔انہوں نے نئے منتخب نوجوانوں سے کہا کہ وہ اہلیت اور میرٹ پر کبھی سمجھوتہ نہ کریں اور ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے میں اہم کردار ادا کریں۔

تقریب میں وزیر مالیات سریش کھنہ اور پرنسپل سکریٹری آلوک کمار موجود تھے۔ جھانسی کے شری کرشن کانت ویاس، بلیا کی ڈمپل یادو، رائے بریلی کی ممتا یادو اور لکھیم پور کھیری کے کپل کمار سمیت 20 نوجوانوں کو اسٹیج سے تقرری نامے دیے گئے۔