کھیل کھلاڑی

ٹومی پال کو ہرا کر شیلٹن نے پیرس ماسٹرز کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی

پیرس،  (یو این آئی) امریکہ کے اسٹار ٹینس کھلاڑی بین شیلٹن نے اپنے ہی ملک کے ٹومی پال کو ہرا کر پیرس ماسٹرز ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔جمعہ کو یہاں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں شیلٹن نے پال کو 6-4، 4-6، 6-3 سے شکست دے کر اپنے کریر میں پہلی بار اے ٹی پی ماسٹرز 1000 کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ بائیں ہاتھ کے کھلاڑی نے اپنی شاندار سروس کی بدولت 19 ایس لگائے اور ملے 4 بریک پوائنٹس میں سے 2 کا فائدہ اٹھایا۔ ایک گھنٹے 46 منٹ تک جاری رہے اس سخت مقابلے میں انہوں نے کامیابی حاصل کی۔
میچ کے بعد شیلٹن نے کہاکہ ”مجھے محسوس ہوا کہ پہلا سیٹ پوری طرح سروس کا مقابلہ تھا۔ پہلے سیٹ میں جب میں نے ان کی سروس توڑی تو مجھے تھوڑی قسمت کا ساتھ ملا۔ انہوں نے 2 بار ڈبل فالٹ کیا اور میں نے بریک پوائنٹ پر ایک شاندار ونر ریٹرن مارا۔ اس لیے مجھے معلوم تھا کہ دوسرا سیٹ ایک حقیقی امتحان ہونے والا ہے۔ شروعات میں ہی میری سروس بریک ہوگئی تھی اور پال ایک بار برتری حاصل کرنے کے بعد اسے برقرار رکھنے میں بہت ماہر ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ ”ایسے میں خود کو دوبارہ تیار کرنا اور اپنے اگلے سروس گیم کو بچانا بہت اہم تھا۔ مجھے اسکور بورڈ پر دباؤ بنانے کی ضرورت تھی تاکہ میں آگے نکل سکوں۔ مجھے خوشی ہے کہ میں نے اپنی حکمت عملی کے مطابق جارحانہ ٹینس کھیلتے ہوئے ان کی سروس بریک کی اور آخر میں اپنی سروس بھی بہت اچھے طریقے سے کی۔