بھارت کی بڑی کامیابی ! چین سرحد کے قریب 13 ہزار فٹ کی بلندی پر فضائیہ کے گجراج نےتاریخ رقم کی
نئی دہلی، (یو این آئی) ہندوستانی فضائیہ کے بھاری بھرکم ٹرانسپورٹ طیارے آئی ایل-76 ایم ڈی گجراج نے چین کی سرحد کے قریب 13,629 فٹ کی بلندی پر واقع انتہائی اہمیت کے حامل نیوما ایئر بیس پر کامیابی کے ساتھ لینڈنگ کرکے تاریخ رقم کی ہے۔فضائیہ نے ہفتہ کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے گجراج کی اس بڑی کامیابی کا ذکر کیا۔ فضائیہ نے کہا،13,629 فٹ کی بلندی، ہوا بازی کی تاریخ میں ایک نئی بلندی۔ ہندوستانی فضائیہ کے آئی ایل-76 ایم ڈی طیارے نے نیوما میں کامیابی کے ساتھ لینڈنگ کرکے تاریخ رقم کردی ہے۔ یہ دنیا میں اس طیارے کی اب تک کی سب سے زیادہ بلندی پر کی جانے والی لینڈنگ ہے۔ یہ طیارے کی طویل مدتی صلاحیت کا غیر معمولی مظاہرہ ہے۔ یہ عملے کی بہترین مہارت، درستگی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی علامت ہے۔فضائیہ نے کہا کہ یہ ایک تاریخی کامیابی ہے، جو ہندوستان کی اسٹریٹجک فضائی نقل و حمل کی صلاحیت کو مزید مضبوط بناتی ہے۔فضائیہ نے اپنی پوسٹ کے آخر میں کہا، حدود کو عبور کرتے ہوئے، سرحدوں کی نئی تعریف کرتے ہوئے، تاریخ رقم کرتے ہوئے۔قابل ذکر ہے کہ اسٹریٹجک اعتبار سے انتہائی اہم نیوما، حقیقی کنٹرول لائن (ایل اے سی) سے تقریباً 25 کلومیٹر دور واقع ہے۔ اس ایئر بیس کے مکمل طور پر فعال ہونے اور یہاں بھاری طیاروں کی لینڈنگ کی سہولت سے مشرقی لداخ کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں فوجیوں، بھاری فوجی سازوسامان، توپوں اور ٹینکوں کی نقل و حرکت اور تعیناتی انتہائی آسان ہو جائے گی۔اس ایئر بیس پر تقریباً 2.7 کلومیٹر طویل ہوائی پٹی تعمیر کی گئی ہے۔ یہاں سی-17 گلوب ماسٹر اور آئی ایل-76 طیاروں کے علاوہ سخوئی-30، رافیل اور مگ-29 جیسے لڑاکا طیارے بھی اتر سکتے ہیں۔اس زمرے کے طیارے کی اتنی زیادہ بلندی پر دنیا میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی لینڈنگ ہے۔اس کامیابی کے ذریعے ہندوستان نے واضح پیغام دیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر وہ اتنی زیادہ بلندی پر بھی ٹینک، توپیں، فضائی دفاعی نظام اور دیگر بھاری فوجی سازوسامان تعینات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
