حضرت فاطمہ زہرا ؓکی زندگی مسلم خواتین کے لیے راہِ نجات اور نمونۂ عمل
مخدومۂ کائنات ،شہزادیٔ رسولؐ کے یوم وصال پر خانقاہ شاہ ارزانی میں منعقد قومی سمینار سے سرکردہ دانشوروں اور علمائے کرام کا خطاب
پٹنہ (پریس ریلیز): خانقاہ حضرت دیوان شاہ ارزانی کے زیر اہتمام سوموار کو خانقاہ کے ہال میں مخدومۂ کائنات ،شہزادی رسولؐ حضرت فاطمہ زہراؓ کے یوم وصال کے موقع پر ’’حضرت فاطمہ زہرا:ایک مثالی کردار‘‘کے موضوع پر ایک روزہ قومی سمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا باضابطہ آغاز حافظ جگر عالم کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ بذیل احمد اشرفی نے نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا۔نظامت کے فرائض گیا کالج گیا کے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر محمد منہاج الدین نے بہت خوبصورتی سے انجام دیے۔سمینار کے افتتاحی اجلاس میں جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی کے سابق صدر شعبۂ فارسی پروفیسر عراق رضا زیدی نے انتہائی پُرمغز اور موثر انداز میں کلیدی خطبہ دیا۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے روزنامہ قومی تنظیم کے چیف ایڈیٹر ایس ایم اشرف فرید شریک ہوئے اور اجلاس سے خطاب کیا۔مولانا سید مراد رضا نے افتتاحی اجلاس کی صدارت کی۔ خانقاہ شاہ ارزانی کے سجادہ نشیں اور ویر کنور سنگھ یونیورسٹی آرہ کے سابق صدر شعبہ اردو پروفیسر ڈاکٹر سید شاہ حسین احمد نے استقبالیہ خطبہ دیا اور تمام مہمانوں و شرکاء کا پُرتپاک استقبال کیا۔ بنارس ہندو یونیورسٹی کے سابق صدر شعبۂ فارسی پروفیسر حسن عباس نے بھی موضوع کی مناسبت سے اجلاس سے خطاب کیا۔ تمام مقررین نے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؓ کی زندگی یوں تو پوری کائنات کی ہر ایک خاتون کے لیے مشعل راہ ہے اور راہِ نجات ہے لیکن بطورِ خاص مسلم خواتین کے لیے روشن نمونہ ہے۔ حضرت فاطمہ کے کردا ر کو مسلم خواتین کے درمیان بہترین طریقے سے پیش کیے جانے اور انہیں اپنے لیے آئیڈیل تسلیم کرنے کی تلقین کی شدید ضرورت ہے۔ مقررین نے کہا کہ فاطمہ زہرا کے کردار اور اسلوب پر عمل میں ہی خواتین کی عزت، تعظیم، قدر ومنزلت اور تمام حقوق و اختیارات اور ان کا وقار محفوظ ہے۔ یہ اہم اور سچی بات مسلم خواتین کو بتانا موجودہ پُرفتن دور کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔افتتاحی اجلاس کے بعد معروف ناقد ڈاکٹر قاسم فریدی اور مشہور شاعر شمیم قاسمی کی مشترکہ صدارت میں تکنیکی اجلاس منعقد ہوا جس میں پروفیسر حسن عباس، ڈاکٹر قاسم فریدی، ڈاکٹر نورالسلام ندوی، ڈاکٹر مبین قریشی اور ڈاکٹر آصف اختر نے حضرت فاطمہ کی حیات و خدمات کے حوالے سے بہت ہی معلوماتی اور خوبصورت مقالے پیش کیے جسے لوگوں نے بے حد پسند کیا۔ یک روزہ قومی سمینار میںسکھ مذہب کی نمائندگی کرتے ہوئے سردار گروچرن سنگھ، ہندو مذہب کی نمائندگی کرتے ہوئے پروفیسر منی بھوشن کمار،ادباء کے طور پر انوارالحسن وسطوی، سلطان آزاد، ڈاکٹر قیصر زاہدی، ڈاکٹر اشرف النبی قیصر، اثر فریدی، علی احمد، ماہر تعلیم ماسٹر منظور عالم، ڈاکٹر ارمان حسن، سید مدثر امام رضوی اور درجنوں سرکردہ شخصیتوں نے بھی شرکت کی۔خانقاہ شاہ ارزانی کے سجادہ نشیں پروفیسر سید شاہ حسین احمد نے اپنے استقبالیہ خطبہ میں سمینار کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ حضرت علیؓ کے تعلق سے جب انہوںنے عالمی سمینار کا انعقاد کیا تو اس کا پیغام دنیا کے گوشے گوشے میں پہنچا اور ایران و افغانستان سمیت کئی ممالک سے ان کے پاس اس نوعیت کے سمینار کے انعقاد کی پذیرائی کے خطوط ملے اور اسے ایک نمونہ قرار دیا گیا۔
اس سمینار کی غیر معمولی کامیابی سے متاثر ہوکر انہوں نے حضرت فاطمہ زہراؓ کے کردار کو موثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنے کی چھوٹی سی کوشش کے تحت آج یک روزہ قومی سمینار کے انعقاد کا فیصلہ کیا جو باوقار لوگوں کی شرکت کے اعتبار سے بہت کامیاب اور اطمینان بخش ہے۔ پروفیسر حسین احمد نے قرآن مجید کی آیتوں کے حوالے سے کہا کہ اللہ تعالیٰ کاحکم ہے اور اللہ کی منشا ہے کہ ان کے محبوب حضرت محمد ﷺ کے قرابت داروں سے محبت کی جائے۔ یہ قرابت دار بلاشبہ اہل بیت ہیں یعنی حضور پاک ﷺ کا خانوادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اہلبیت کو چھوڑ دیا تو اسلام کا صحیح پیغام نہیں پہنچے گا۔ اگر حضرت علیؓ اور حضرت فاطمہؓ یا دیگر اہلبیت کا تذکرے ہوتے ہیں یا ان کی خوبیاں بیان کی جاتی ہیں تومسلمانوں کی ایک بڑی آبادی اسے شیعہ سمجھتے ہیں یعنی اہلبیت کو سُنّی مسلمانوں نے شیعہ کے حوالے کر دیا۔ اسی طرح شریعت اور قرآن کی بات کہنے والوں کو اہل حدیث قرار دے کر کنارے کردیا۔ مسلمانوں کا ایک طبقہ ایسا ہے جس نے رسالت کا تذکرہ کرنے کی دعویداری کر رکھا ہے۔کچھ لوگ مہر لیے بیٹھے ہیں کہ اگر کسی خاص شخصیت کا تذکرہ کیاجائے یا ان کی خوبیاں بیان کی جائیں تو اسے الگ نام دے کر کنارے کر دیاجاتا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ مسلمانوں کے لیے اللہ، اللہ کا رسول، اللہ کی کتاب قرآن مجید، رسول اللہ ﷺ کی سنت، احادیث نبویؐ، شریعت، توحید اور رسالت تمام چیزیں ضروری ہیں اور سب کی اپنی اپنی اہمیت و افادیت ہے۔ کسی ایک کو چھوڑ کر کوئی شخص مکمل مسلمان ہو ہی نہیں سکتا۔ پروفیسر حسین احمد نے کہا کہ آج مسلم معاشرے میں حالات انتہائی بدتر ہوگئے ہیں جہاں مسلم لڑکیاں غیر مسلم لڑکوں سے نہ صرف تعلق استوار کر رہی ہیں بلکہ حد سے تجاوز بھی کر رہی ہیں جو ایک بڑا مسئلہ بنتا جارہا ہے۔ایسی خطرناک صورتحال میں حضرت فاطمہ زہراؓ کے کردار کو ان کے سامنے پیش کرنے کی شدید ضرورت ہے اور یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ فاطمہ زہرا کے کردار اور ان کے نقش قدم پر چلنے میں ہی مسلم خواتین کی عزت ووقار اوران کے تمام حقوق و اختیارات محفوظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ پر توکل حضرت فاطمہ زہرا کی سب سے بڑی خوبی ہے کہ گھر میں تین دن کے فاقے ہیں اور حضرت حسن و حضرت حسین جیسے دُلارے معصوم بھوک سے تڑپنے پر مجبور ہیں مگر سائل کو کھانا کھلانے کے لیے اپنی چادرِ مبارک کو فروخت کردینے پر فخر و قناعت محسوس کرتی ہیں۔آج کے معاشرے میں ہماری لڑکیاں بے راہ روی کا شکار ہوتی جا رہی ہیں۔ اس پر قابو کے لیے مثبت کوششیں ضروری ہیں۔ اپنے صدارتی خطاب میں مولانا سید مراد رضا نے کہا کہ ظلم کے خلاف رسول اللہ ﷺ کے بعد سب سے مضبوط آواز اور کردار حضرت فاطمہ زہراؓہیں۔ آج دنیا میں ایران نے ثابت کر دیا کہ وہ مسلک نہیں دیکھتے بلکہ ملت اسلامیہ اور عالم انسانیت کے لیے ہر طرح کی قربانی پیش کردی اور ظلم کے خلاف ایسی آواز بلند کی کہ ظالم طاقتیں خاموش ہوگئیں۔انہوں نے کہا کہ مصطفی کی بیٹی ہونا یقینی کمال ہے مگر اصل کمال یہ ہے کہ حضرت فاطمہؓ نے اپنے والد ِمحترم سرور کونین حضرت محمد ﷺکی بے شمار صفات کو اپنے اندر پیدا کردیا۔یہی وجہ ہے کہ حضور ﷺ نے خود ہی فرمایا ہے کہ فاطمہ میرے وجود کا حصہ ہے اور میری روح کا بھی حصہ ہے۔ پروفیسر راق رضا زیدی نے اپنے کلیدی خطبہ میں کہا کہ حضرت فاطمہ جنت میں تمام خواتین کی سردار ہیں۔حضرت فاطمہ رسالت مآبﷺ کا جز ہیں اور جسم اطہر حضرت محمدﷺ کا بھی حصہ ہیں۔ حضرت محمد ﷺ نے کہا ہے کہ فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے، جس نے فاطمہ کو تکلیف دی اس نے مجھے تکلیف دی۔انہوں نے کہا کہ تمام مسلکوں اور فرقوں کے علمائے کرام نے حضرت فاطمہ کی صفات اور خوبیوں پر اتفاق رائے ظاہر کیا ہے۔ایس ایم اشرف فرید نے اپنی تقریر میں کہا کہ حضرت فاطمہؓ حضور اکرم ﷺ کی سب سے چھوٹی اور پیاری بیٹی تھیں۔ لفظ فاطمہ کا معنی ہے سب کو دوزخ کی آگ سے نجات دلانے والی۔حضرت محمد ﷺ کو حضرت فاطمہ سے بے حد محبت تھی۔ جب وہ ان کے سامنے آتی تھیں تو کھڑے ہوجاتے تھے اور اپنے مقام پر بٹھا دیتے تھے۔حضرت فاطمہ بے مثال سیرت اور کردار کی مالک تھیں۔ رسول اللہ ﷺ کی پیاری بیٹی ہونے کے باوجود حضرت فاطمہ نے بہت سی تکلیفیں برداشت کیں۔ اللہ کی بندگی کے لیے نماز پڑھی اور بچوں کی کفالت کے لیے چکّی پیسی، محنت و مشقت کی۔ رہتی دنیا تک خواتین کے لیے حضرت فاطمہ مشعل راہ بنی رہیں گی۔ موجودہ دور میں بیشتر خواتین بے راہ روی کا شکار ہیں جو لمحۂ فکریہ ہے۔
