بہار نامہ

الحرا اسکول کی طالبہ عبیرہ تحریم فاطمہ نے بین الاقوامی فارمیسی کوئز میں حاصل کی نمایاں کامیابی

پٹنہ: الحرا پبلک اسکول ، شاہ گنج ، پٹنہ کی ہونہار طالبہ عبیرہ تحریم فاطمہ نے بین الاقوامی سطح پر منعقدہ فارمیسی کوئز مقابلے میں ٹاپر بن کر شہر اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔ یہ مقابلہ 7 نومبر 2026 کو امریکن سوسائٹی آف سائنس، انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (ASSET)، امریکہ کے زیر اہتمام منعقدہ عالمی سمپوزیم کے دوران منعقد کیا گیا، جس میں عبیرہ تحریم فاطمہ کو کوئز  ونر  قرار دیا گیا اور پچاس امریکن ڈالر کے انعام کی حق دار بنی۔اس عالمی سمپوزیم میں ہندوستان، امریکہ، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک کے ممتاز ماہرین تعلیم، محققین، سائنس دانوں اور فارمیسی کے شعبے سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی۔ سمپوزیم میں فارمیسی کی تعلیم، ادویات کی تحقیق، فارماکوویجیلنس اور طبی فیصلوں میں مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کے بڑھتے ہوئے کردار پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔عبیرہ تحریم فاطمہ کی اس کامیابی کو ان کے مضبوط علمی شعور، تجزیاتی صلاحیت اور جدید سائنسی علوم میں دلچسپی کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی یہ کامیابی اہل خانہ، تعلیمی حلقوں اور شہر پٹنہ کے لیے باعثِ مسرت و افتخار ہے۔پروگرام کی نظامت یونیورسٹی آف ونڈسر، کینیڈا کی پروفیسر ڈاکٹر زرین امطل نے کی، جبکہ جواہر لعل نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی، حیدرآباد سے وابستہ مسز ماسیرا  صدیقی نے کوئز ماسٹر کے فرائض انجام دیے۔سمپوزیم میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پروفیسر سید ضیاء الرحمٰن، دبئی میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر مرزا آر بیگ اور روزلینڈ اینڈ فرینکلن یونیورسٹی، شکاگو کے ایسوسی ایٹ پروفیسر محمد شاہد سمیت کئی ممتاز شخصیات نے اپنے علمی خیالات کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ (American Society of Science,Engineering and Technology   ASSET امریکہ کا ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے، جو دنیا بھر کے طلبہ اور نوجوانوں میں سائنسی تعلیم، تحقیق، جدت طرازی اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے سمپوزیم، کوئز مقابلوں، ویبینارز اور دیگر تعلیمی پروگراموں کا انعقاد کرتا ہے۔ASSET کے بانی ڈاکٹر عبد الستار خان ہیں، جن کا تعلق حیدرآباد سے ہے اور جو امریکہ میں مقیم ہیں۔ ان کی قیادت میں یہ ادارہ دنیا بھر کے طلبہ کے لیے بین الاقوامی تعلیمی مواقع فراہم کرنے میں سرگرم ہے۔ اس کے علاوہ معروف سماجی و تعلیمی معاون مسٹر رضوان احمد بھی ادارے کی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور طلبہ کو عالمی سطح کے تعلیمی پروگراموں میں شرکت کے لیے حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔عبیرہ تحریم فاطمہ کی یہ کامیابی اس بات کی روشن مثال ہے کہ اگر نوجوانوں کو مناسب مواقع اور عالمی سطح کے تعلیمی پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں تو وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا بین الاقوامی سطح پر بھی منوا سکتے ہیں۔