سیاست میں بھونچال اور جمہوریت کے سامنے نئے سوالات
ہندوستان کی سیاست ایک ایسے دوراہے پر کھڑی ہے جہاں ہر روز کوئی نیا سیاسی واقعہ سامنے آتا ہے، کوئی نیا تنازعہ جنم لیتا ہے اور اقتدار و اپوزیشن کے درمیان کشمکش کی ایک نئی صورت دکھائی دیتی ہے۔تازہ معاملہ سونیا گاندھی کی خود نوشت کے منظر عام پر آتے ہی شروع ہو گیا ہے ۔ایسا لگ رہا ہے کہ ان دنوں پورا ملک اس کے صحافی ،اس کے دانشور اور سیاسی لیڈرز بس ان کی کتاب کے صفحات کھولے بیٹھے ہیں ۔بی جے پی تو جیسے ادھار کھائے بیٹھی ہے کہ سونیا گاندھی کے لکھے ایک ایک لفظ کی کھال ادھیڑنی ہے ۔ حالانکہ موجودہ بحرانی حالت میں بی جے پی کو اسے نظر انداز کر دینی چاہئے تھی ۔لیکن ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی اقتدار کے نشہ میں یہ بھول گئی ہے کہ اب اس کے خلاف ملک میں اتنی ناراضگی پھیل چکی ہے کہ وہ کانگریس اور اس کے لیڈروں کے خلاف جو بھی افواہ پھیلائیگی اس کا عوام پر منفی اثر ہوگا ۔کیونکہ گاندھی فیملی پر لگاتار حملوں کے باوجود راہل گاندھی اپوزیشن لیڈر ہیں اور ان کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے ۔اور اب تو سارے ملک کی حزب اختلاف نے ان کو اپنا لیڈر بھی تسلیم کر لیا ہے ۔اور فی الوقت راہل گاندھی کے پاس بی جے پی کے لیڈر نریندر مودی سے زیادہ ووٹ کا سپورٹ ہے ایسے میں سونیا گاندھی یا پوری کانگریس پر بی جے پی کے کسی بھی حملہ سے کانگریس کو نقصان کے بجائے فائدہ ہی ہوگا ۔
بی جے پی اس وقت پوری طرح ایس آئی آر کے جال میں پھنس چکی ہے اور اسے اس سے نکلنے کی کوئی سبیل نظر نہیں آ رہی ہے ۔لیکن اس پوری بحث کو سونیا گاندھی کی کتاب کو متنازعہ بنا دینے سے خارج نہیں کیا جا سکتا ۔کیونکہ جب سے الیکشن کمیشن کے خلاف ملک میں مباحثہ شروع ہوئے ہیں ،اور گیانیش کمار کی منمانی کے خلاف اپوزیشن نے محاذ آرائی کی ہے ،اس کے ایک ایک سوال کو بی جے پی اور سنگھ نہایت باریک بینی سے پڑھ کر در پردہ ان خامیوں کو درست بھی کیا جانے لگا ہے ،اور اپوزیشن اسے اپنی جیت کے طور پر دیکھ رہی ہے ۔خبر تو یہ بھی ہے کہ الیکشن کمشنر گیانیش کمار اب چند دنوں کے مہمان ہیں ،کیونکہ ان کے دامن کی آگ اب براہ راست وزیر اعظم تک پہنچتی دیکھ کر سنگھ نے یہ عندیہ دے دیا ہے کہ یہ وقت گیانیش کی قربانی کا ہے ۔
لیکن سوال یہ ہے کہ اس سیاسی ہلچل کے درمیان عام آدمی کہاں کھڑا ہے؟ اس کی مہنگائی، بے روزگاری، تعلیم، صحت اور روزمرہ زندگی کے مسائل سیاسی مباحثوں میں کتنی جگہ حاصل کر پا رہے ہیں؟
سیاست میں اختلاف کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ جمہوریت کی خوب صورتی ہی یہ ہے کہ حکومت سے سوال کیے جائیں، اپوزیشن کو تنقید کا حق حاصل ہو اور عوام کو اپنے نمائندوں سے جواب طلب کرنے کی آزادی ہو۔ مگر جب سیاسی سرگرمیوں کا محور صرف اقتدار کا تحفظ، اقتدار کا حصول اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانا بن جائے تو جمہوریت کا بنیادی مقصد پس منظر میں چلا جاتا ہے۔
یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے: اگر اپوزیشن کے الزامات بے بنیاد ہیں تو ان کا جواب دستاویزات، اعداد و شمار اور شفاف تحقیقات کے ذریعے کیوں نہ دیا جائے؟ اور اگر انتخابی فہرستوں میں واقعی کوئی خامی نہیں ہے تو متاثرہ شہریوں کے خدشات دور کرنے میں تامل کیسا؟ جمہوریت میں احتجاج کو ملک دشمنی یا سازش قرار دینا کسی مسئلے کا حل نہیں۔ اسی طرح اپوزیشن کی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ اپنے الزامات کو ٹھوس شواہد کے ساتھ پیش کرے۔سیاست کا اصل میدان عوام کی زندگی ہے۔
ملک کی سیاسی فضا میں ایک اور پہلو بھی قابل توجہ ہے۔ پارلیمانی سیاست سے لے کر سڑکوں کے احتجاج تک ہر جگہ سیاسی صف بندی تیز ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے تین ارکان اسمبلی کی بی جے پی میں شمولیت نے سیاسی وفاداریوں اور جماعتی استحکام پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ تمل ناڈو میں امن و قانون کی صورت حال پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان الزامات کا تبادلہ بھی سیاسی تنازعے کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
ملک کو اس وقت نعروں کی نہیں، جواب دہی کی ضرورت ہے۔ اختلاف کو دشمنی، احتجاج کو سازش اور سوال کو بغاوت سمجھنے کا رویہ جمہوری مکالمے کو کمزور کرتا ہے۔ جمہوریت میں حکومت کو سوالوں سے خوف زدہ نہیں ہونا چاہیے اور اپوزیشن کو بھی اپنے ہر الزام کو سچ ثابت کرنے کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔
آخر عوام کب تک سیاسی تماشے کے تماشائی بنے رہیں گے؟ انہیں ایسی سیاست چاہیے جو ان کی زندگی بدلے، نہ کہ ایسی سیاست جس میں صرف کرسیوں کی تبدیلی، وفاداریوں کی خرید و فروخت اور ایک دوسرے کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کا کھیل جاری رہے۔
یہی وہ سوال ہے جس پر آج ملک کی پوری سیاسی قیادت کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ ورنہ سیاسی ہلچل تو جاری رہے گی، مگر عوام کے مسائل اپنی جگہ کھڑے رہیں گے۔
