کھیل کھلاڑی

بلائنڈ ایشیا کپ میں خطاب کا دفاع کرنے کے لیے ہندوستانی ٹیم پُرعزم

نئی دہلی، (یو این آئی) ہندوستان نے بلائنڈ ایشیا کپ میں اپنا خطاب برقرار رکھنے کا اعتماد ظاہر کیا ہے۔ ایشیا کپ کرکٹ فار دی بلائنڈ 2026 کا انعقاد 15 سے 20 نومبر تک بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں ہوگا، جہاں ہندوستانی مردوں کی ٹیم ایک دہائی قبل حاصل کیے گئے خطاب کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔ ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیمیں خطاب کے لیے مقابلہ کریں گی۔

سی بی آر ای ساؤتھ ایشیا پرائیویٹ لمیٹڈ نے سمرتھنم ٹرسٹ فار دی ڈس ایبلڈ اور کرکٹ ایسوسی ایشن فار دی بلائنڈ اِن انڈیا (کیبی) کے اشتراک سے جمعرات کو نئی دہلی میں ایشیا کپ سے قبل ہندوستانی مردوں کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے لیے الوداعی تقریب کا اہتمام کیا۔

اس تقریب میں 17 رکنی ہندوستانی مردوں کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے علاوہ سمرتھنم ٹرسٹ فار دی ڈس ایبلڈ کے بانی اور منیجنگ ٹرسٹی اور کیبی کے چیئرمین ڈاکٹر مہنتیش جی کیواڈاسناور، نیز سی بی آر ای کے ہندوستان، جنوب مشرقی ایشیا اور مینا کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو افسر انشومان میگزین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ٹیم کو خطاب کا دفاع کرنے کے لیے نیک خواہشات پیش کی گئیں۔

انشومان میگزین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سمرتھنم اور کیبی کے ساتھ سی بی آر ای کی جاری شراکت داری کے بارے میں بتایا، جبکہ ڈاکٹر مہنتیش جی کیواڈاسناور نے ٹیم کی تیاریوں اور ہندوستان میں بلائنڈ کرکٹ کے فروغ پر روشنی ڈالی۔ ٹیم کے کپتان درگا راؤ ٹومپاکی نے ٹورنامنٹ کے لیے کھلاڑیوں کی تربیت، تیاری اور توقعات کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔

انشومان میگزین اور ڈاکٹر مہنتیش جی کیواڈاسناور نے ٹورنامنٹ سے قبل کھلاڑیوں کی محنت اور عزم کو سراہتے ہوئے ٹیم کو کرکٹ کٹ بھی پیش کی۔

ایشیا کپ کی تیاری کے لیے ہندوستانی ٹیم کا 40 روزہ تربیتی کیمپ گروگرام میں منعقد کیا گیا تھا۔ ہندوستان نے 2016 میں پہلا خطاب جیتا تھا، تاہم 2020 میں کووڈ-19 کی وبا کے باعث ٹورنامنٹ منعقد نہیں ہوسکا تھا۔ اس مرتبہ اس کا دوسرا ایڈیشن کھیلا جائے گا۔