ریاستی خبریں

کے ٹی آر کی کانگریس اور بی جے پی رہنماؤں پر ‘وقار اور خودداری کی کمی’ کے حوالے سے تنقید

حیدرآباد، (یو این آئی) بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) نے اتوار کو تلنگانہ کی حکمراں کانگریس اور بی جے پی کے رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ انہوں نے اپنے عہدوں کے وقار اور خودداری سے سمجھوتہ کرلیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس اور بی جے پی کے رہنماؤں میں عہدے کا وقار برقرار رکھنے کی خوبی شاذ و نادر ہی نظر آتی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی گاندھی خاندان کے باڈی گارڈ کی طرح برتاؤ کر رہے ہیں، جبکہ پردیش کانگریس کمیٹی (پی سی سی) کے صدر اور ایک وزیر راہل گاندھی کی موٹر سائیکل کے پیچھے ایسے دوڑ رہے تھے جیسے وہ ان کے خدمت گار ہوں۔
بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی وزیر اور بی جے پی کے ریاستی صدر، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے پاؤں چھو رہے ہیں اور ان کے جوتے اٹھا رہے ہیں۔کے ٹی آر نے اس طرزِ عمل کو شرمناک اور عہدے کے شایانِ شان نہیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل خودداری کے اصول پر ہوئی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ دونوں قومی جماعتیں اس اصول کی اہمیت کو کبھی نہیں سمجھ پائیں گی۔