جونپور میں قبائلی رہنما اور عظیم مجاہد آزادی برسا منڈا کی 151ویں سالگرہ منائی گئی
جونپور، (یو این آئی۔) اتر پردیش کے جونپور میں واقع سراواں گاؤں کے شہید لال بہادر گپت یادگار پر اتوار کو ہندوستان سوشلسٹ ریپبلکن آرمی اور لکشمی بائی بریگیڈ کے کارکنوں نے قبائلی رہنما اور عظیم مجاہد آزادی برسا منڈا کی 151ویں سالگرہ منائی۔اس موقع پر کارکنوں نے شہید یادگار پر موم بتیاں اور اگربتیاں روشن کیں اور 2 منٹ کی خاموشی اختیار کرکے عظیم انقلابی برسا منڈا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انقلابی ستون پر موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے لکشمی بائی بریگیڈ کی صدر منجیت کور ایڈوکیٹ نے کہا کہ قبائلی رہنما برسا منڈا کی پیدائش 15 نومبر 1875 کو لیہتو، رانچی (اس وقت کے صوبہ بہار اور موجودہ جھارکھنڈ) میں ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ برسا منڈا کے دل میں طالب علمی کے زمانے سے ہی برطانوی حکومت کے خلاف غصہ پیدا ہوگیا تھا۔ انہوں نے محض 19 سال کی عمر میں بہار سے انگریزوں کو نکالنے کے لیے جدوجہد شروع کردی تھی۔
انہوں نے کہا کہ برسا منڈا نے اس وقت قبائلی سماج کو تعلیم یافتہ بنانے کا کام کیا اور اس مقصد کے لیے وہ انگریزوں سے لڑتے تھے۔ اس سے ناراض ہوکر انگریزوں نے محض 25 سال کی عمر میں 9 جون 1900 کو انہیں پھانسی پر لٹکا دیا۔ آج بھی جھارکھنڈ اور بہار کے قبائلی لوگ برسا منڈا کو اپنا بھگوان مانتے ہیں۔
