قر آن کریم کی عظمت اوراس کی تعلیمات پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور
مدرسہ عربیہ رشیدیہ دارالعلوم فیصل آباد بلند شہر کے سا لانہ اجلاس میں علماء کاخطا ب
بلند شہر ،ناظم بیگ،سماج نیوز سروس:مدرسہ عربیہ رشیدیہ دارالعلوم فیصل آباد بلند شہر کے زیر اہتمام جامعہ کے وسیع و عریض صحن میں سالانہ اجلاس عام و دستار بندی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اجلاس میں علماء کرام، اساتذہ، ذمہ داران مدارس، ائمہ مساجد اور شہر کے معززین سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔پروگرام کا آغاز جامعہ فاروقیہ کے ناظم اعلی قاری محمد طلحہ قاسمی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد میرٹھ سے تشریف لائے نوجوان شاعر مولانا فیصل میرٹھی نے بارگاہ رسالت میں نعتیہ کلام پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بزرگ عالم دین مولانا عبدالرحمن گلائوٹھی نے اصلاحی اور نصیحت آموز باتیں پیش کیں۔ اس موقع پر دہلی سے تشریف لائے مہمان خصوصی مفتی آصف محمود قاسمی ڈائریکٹر الفلاح ریسرچ اکیڈمی نے فضیلت حفظ قرآن کے موضوع پر نہایت جامع اور بصیرت افروز خطاب کیا۔ انہوں نے قرآن کریم کی عظمت، حفاظ کرام کے مقام و مرتبے اور قرآن کی تعلیمات پر عمل کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اسی طرح اورنگ آباد میرٹھ سے تشریف لائے مولانا ابرار احمد نے اصلاح معاشرہ کے موضوع پر تفصیلی خطاب کرتے ہوئے معاشرے کی اصلاح، دینی اقدار کے تحفظ اور اخلاقی تربیت کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کے اہم مرحلے میں حفظ قرآن کی تکمیل کرنے والے 19 حفاظ کرام کے سرو ںپر علماء کرام نے دستار فضیلت سجائی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔آخر میں جامعہ خادم الاسلام ہاپوڑ کے استاذ حدیث مفتی مقصود عالم کی رقت آمیز دعا کے ساتھ اجلاس کا اختتام ہوا۔اس موقع پر قاری محمد افضل،مولانا عثمان آزاد، مولانا نور عالم، مفتی عبدالشکور قاسمی، مولانا عمران سیف اللہ امینی، مفتی محمدعامر سمیت جامعہ کے تمام اساتذہ کے علاوہ ذمہ داران مدارس و مسا جد بڑی تعداد موجود رہے۔
