اتر پردیش

اچھے مقرر کے لیے مطالعہ، الفاظ کا درست انتخاب اور اندازِ بیان میں پختگی نہایت ضروری

مدرسہ فیض ہدایت رحیمی رائے پور میں بچوں کی سالانہ انتخابی انجمن کا انعقاد

دیوبند : (سماج نیوزسروس)مدرسہ فیض ہدایت رحیمی رائے پور میں بچوں کی سالانہ انتخابی انجمن کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں تقریباً 30 طلبہ نے مختلف دینی، علمی اور اصلاحی موضوعات پر اپنی تقریری صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔طلبہ نے علم کی اہمیت، اساتذہ کا احترام، علمائے دیوبند کی قربانیاں، جہیز کی لعنت، عقیدہ ختم نبوت، نماز کی فضیلت، عظمتِ صحابہ، فضیلتِ قرآن، عصرِ حاضر کے نوجوان اور حسنِ اخلاق جیسے اہم موضوعات پر نہایت عمدہ انداز میں تقاریر پیش کیں۔پروگرام کے دوران حکمین اور اساتذہ نے طلبہ کی تقریری صلاحیتوں، اندازِ بیان، تلفظ اور موضوع پر گرفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ بعد ازاں 30 طلبہ میں سے دس بہترین مقررین کا انتخاب کیا گیا، جو آئندہ منعقد ہونے والی بڑی انجمن میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔اس موقع پر حکمین میں مولانا مجیب الرحمان مرزاپوری نے طلبہ کی رہنمائی کرتے ہوئے کہا کہ تقریر محض الفاظ ادا کرنے کا نام نہیں، بلکہ صحیح تلفظ، لہجے کی خوب صورتی اور آواز کے مناسب نشیب و فراز سے تقریر کا حسن دوبالا ہوتا ہے۔ ایک کامیاب مقرر کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے جذبات پر قابو رکھتے ہوئے متوازن انداز میں گفتگو کرے، کیونکہ بے جا جوش و جذبات تقریر کے توازن اور تاثیر کو متاثر کر سکتے ہیں۔مولانا عبد السمیع مظاہرہ نے بچوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک اچھے مقرر کے لیے موضوع پر مکمل گرفت، مطالعہ، الفاظ کا درست انتخاب اور اندازِ بیان میں پختگی نہایت ضروری ہے۔ تقریر کو سمجھ کر پیش کرنا، سامعین سے رابطہ برقرار رکھنا اور مسلسل مشق کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنا ایک کامیاب مقرر کی بنیادی خوبیاں ہیں۔اس موقع پر مدرسہ کے مہتمم مولاناعبدالرحیم ، صدرِ انجمن مفتی محمد نفیس ، قاری محمد رئیس اور مولانا سفیان موجود رہے۔آخر میں منتخب طلبہ کی حوصلہ افزائی کی گئی اور ان کے روشن مستقبل، علمی ترقی اور مزید کامیابیوں کے لیے دعا کی گئی۔ذمہ دارانِ انجمن، صدرِ انجمن مفتی محمد نفیس ، ناظمِ انجمن: محمد صائم عالمپور،اناؤنسر محمد برہان اوماہی۔اگلی بڑی انجمن کے لیے منتخب دس طلبہ محمد اسلم فیض آباد،محمد جاوید بادشاہی باغ،محمد طیب دھتولی مغل،محمد مبشر جانی پور،محمد احمد شمس پور،شفیق الرحمن خیری،محمد حماد جانی پور،محمد شعیب دھانوہ،محمد نعمان خوشحال پوراور محمد شاداب بھٹ پورہ کے نام شامل ہیں ۔