اداریہ ؍مضامین

’’بیٹے والوں کی طرح بیٹی والوں کو بھی خوب سے خوب تر رشتہ کی تلاش ہوتی ہے‘‘

قیصر محمود عراقی

6291697668

بیٹی گھر میں پیدا ہوتے ہی جیسے سارے گھر کا نقشہ بدل جاتا ہے۔ بیٹی کا باپ احساسِ ذمہ داری اپنے کاندھوں پر محسوس کرتا ہے۔ اس ذمہ داری کے احساس میں خوشی کی آمیزش ہوتی ہے۔ یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کہ گھر اسی وقت مکمل ہوتا ہے جب خدا کسی گھر کو بیٹی کی رحمت سے نوازتا ہے۔ لڑکی کی تعلیم و تربیت پر خاص توجہ دی جاتی ہے، کسی نازک پودے کی مانند اسے زندگی کے بدلتے موسموں، دکھوں سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے۔
یوں یہ ننھی گڑیا جوانی کی دہلیز پہ قدم رکھتی ہے اور پھر والدین اس کے رشتے کی تلاش کے لیے دوڑ دھوپ شروع کر دیتے ہیں۔ ہمارا معاشرہ جس تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، اس میں اچھے رشتوں کی تلاش ایک انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے۔ بیٹی والوں کی طرح بیٹے والوں کو بھی خوب سے خوب تر رشتہ کی تلاش ہوتی ہے۔ مسئلہ جتنا آسان اور سادہ نوعیت کا نظر آتا ہے، درحقیقت اتنا ہی سنگین ہے۔ اس کی بنیاد پر ہمارے معاشرے میں بہت سی اخلاقی قدریں پامال ہو رہی ہیں۔
لڑکے والے بڑے رعب و دبدبے اور شان کے ساتھ لڑکی دیکھنے کے لیے تشریف فرما ہوتے ہیں۔ ایسے وقت میں لڑکے والوں کی شانِ بے نیازی عجب ڈھنگ اپناتی ہے۔ لڑکی والے آؤ بھگت میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے، اب یہ لڑکے والوں کی مرضی کہ وہ سرسری نگاہ ڈال کر آگے بڑھ جائیں یا بات آگے بڑھائیں۔ زیادہ تر رشتے رد ہونے کے اسباب خوبصورتی کی کمی، چھوٹا قد، موٹاپا، کم مالی حیثیت اور تعلیمی قابلیت وغیرہ ہوتے ہیں۔ لڑکی کو نمائشی سامان کی طرح پیش کیا جاتا ہے۔ بارہا لڑکے والے آتے ہیں اور کتنی بار لڑکی کو ان کے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔ مسلسل مسترد کیے جانے یا بات نہ بننے کی صورت میں یہ سلسلہ بسا اوقات سالہا سال چلتا رہتا ہے۔
یوں اس معصوم ننھی پری کی خوشیاں مانند پڑنا شروع ہو جاتی ہیں۔ عمر کا بڑھنا ہر سال اسے اپنی ہی ذات میں ایک احساسِ کمتری اور ذہنی دباؤ کا شکار کر دیتا ہے۔ کم مائیگی کا احساس اتنی شدت اختیار کر جاتا ہے کہ اکثر یہ جسمانی اور ذہنی عوارض کی صورت سامنے میں آتا ہے۔ والدین غیر شعوری طور پر بیٹی کی شادی کے لیے اتنے فکرمند ہو جاتے ہیں کہ وہ اپنی بیٹی میں احساسِ کمتری پیدا کرنے کا باعث بن جاتے ہیں اور لڑکی خود کو والدین پر بوجھ سمجھنے لگتی ہے۔ جس بیٹی کو بڑے پیار سے پھولوں کی طرح رکھا گیا تھا، والدین اس کی شخصیت اپنی فکرمندی کی نذر کر دیتے ہیں۔
ایسا نہیں کہ لڑکیوں کے رشتے نہیں آتے، ہر گھر میں چھوٹی عمر سے بچیوں کے لیے پیغامات کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے، تو پھر رشتے کی تلاش میں اتنے مسائل کیوں؟ اس ساری صورتحال کی ذمہ داری کسی ایک فریق پر ڈالنا نا انصافی ہوگی۔ ہماری رائے میں تمام ہی فریق برابر کے ذمہ دار ہیں، لیکن اس صورت میں کیا کیا جائے جبکہ ہر کوئی خود کو حق بجانب سمجھ رہا ہو۔
رشتوں کی تلاش میں مسائل کی اہم وجہ ان معیارات میں تبدیلی ہے جو معاشرتی تبدیلی کے سبب ہم نے اپنا لیے ہیں۔ رشتہ ایسی جگہ کرنا چاہیے جو سیرت و کردار، تعلیم، دیانتداری اور حسنِ اخلاق جیسی دولت سے مالا مال ہو۔ یہ خوبیاں جس میں بھی ہوں گی، وہ یقیناً ایک اچھا جیون ساتھی ثابت ہو سکتا ہے۔ لیکن ہمارے معاشرے میں اب رشتوں کی تلاش کے لیے واحد پیمانہ دولت مقرر کر دیا گیا ہے۔ والدین عموماً اپنی بیٹی کے لیے ایسے رشتے کی تلاش میں ہوتے ہیں جو نہ صرف اچھا کھاتا کماتا ہو بلکہ عمر میں بھی مناسب ہو، اور ذاتی گھر اور گاڑی بھی معیارات کا حصہ بن گئے ہیں۔ ذرا سوچیں، جس لڑکے میں اتنے گن ہوں گے، وہ 30 سال سے کم کا تو ہونے سے رہا۔ پڑھائی، نوکری، عہدہ اور پھر گھر بناتے بناتے بالوں میں سفیدی اتر آتی ہے۔ کماؤ پوت 38 سال کے لڑکے کے لیے چند آفتاب، چند ماہتاب 18 سالہ لڑکی کی تلاش شروع کر دی جاتی ہے، جس کی وجہ سے 28، 30 برس کی لڑکیاں اکثر اچھے رشتوں کی منتظر رہ جاتی ہیں۔ قسمت کا قرعہ کھل جائے تو الگ بات، ورنہ وقت ہاتھ سے نکلتا رہتا ہے۔
آج کل ایک اور خصوصیت بھی تلاش کی جاتی ہے کہ لڑکے یا لڑکی کا خاندان زیادہ بڑا نہ ہو تاکہ سسرال کے جھمیلوں سے جان چھوٹی رہے۔ دوسرا اہم مسئلہ لڑکی کا ملازمت پیشہ ہونا ہے۔ ایسے میں وہ لوگ جو وسیع النظری کا دعویٰ کرتے ہیں، وہ بھی اپنے روشن خیالی کے خانے سے ملازمت پیشہ لڑکیوں کو خارج کر دیتے ہیں۔ ان کے خیال میں ملازمت کرنے والی لڑکیاں اچھی خاتونِ خانہ ثابت نہیں ہو سکتیں۔ بات ذرا تلخ ہے مگر صد فیصد حقیقت پر مبنی ہے کہ یہ سارے مسائل ہمارے خود ساختہ ہیں۔ بہرصورت یہ مسائل کا ایک ایسا تکون ہے جس کے ہر جانب عتاب کا نشانہ لڑکیاں ہی بنتی ہیں۔ والدین چاہیں تو اپنی بیٹیوں کو اس عذاب سے خود ہی باآسانی سے نکال سکتے ہیں، فقط کوشش کر کے اپنی تلاش کا محور بدلنا ہوگا۔
1. سب سے پہلے تو بیٹی کے جوان ہوتے ہی گھر میں بات بے بات اس کی شادی یا شادی کے بعد کی زندگی کا ذکر مت کریں۔ اس طرح وہ غیر شعوری طور پر بہت چھوٹی عمر سے ہی شادی کے خواب بننا شروع کر دیتی ہے، جس سے اس کی شخصیت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
2. بیٹی کے 18، 20 سال کی عمر تک پہنچتے ہی اکثر والدین بے جا اس کا فکر کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں کہ رشتے کیوں نہیں آتے۔ یہ درست نہیں ہے، آپ کی بیٹی ابھی اتنی بڑی نہیں ہوئی کہ آپ خود بھی فکرمند ہوں اور اسے بھی خود کو بوجھ سمجھنے پر مجبور کر دیں۔ اس طرزِ عمل سے اس لڑکی کی خود اعتمادی زائل ہو جاتی ہے اور مستقبل میں فیصلے کرنے کی اس کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔
3. رشتہ آنے کی صورت میں جلد بازی میں انکار کرنا عقلمندی نہیں۔ اچھی طرح چھان بین کر لیں، اگر لڑکا شریف ہے، نوکری ٹھیک ہے اور خاندان اچھا ہے تو سمجھ بوجھ اور مشاورت سے کام لیں۔ صرف پیسے، شکل و صورت، عمر یا ذاتی گھر اور گاڑی وغیرہ کا سوال اٹھانا عقلمندی نہیں۔
4. من پسند رشتوں کی تلاش ایک طرف، مگر اس سے پہلے اپنی بیٹی کی شخصیت کو مکمل اور لچکدار بنائیں تاکہ وہ جس ماحول میں جائے، اس ماحول میں سمجھوتہ کرنے کی اس میں خود بھی صلاحیت موجود ہو۔
5. شادی بیاہ اور رشتے طے کرنا ایک نازک مرحلہ ہے، اس لیے ظاہری چکاچوند سے مرعوب ہونے کے بجائے باطن پر بھی نظر رکھیں۔ شادی ایک ایسا رشتہ ہے جس پر مرد اور عورت مل کر ایک نئی زندگی کا آغاز کرتے ہیں اور درحقیقت ساتھ ساتھ چلنے کا اقرار کرتے ہیں۔
بیٹیاں چاہے اپنی ہوں یا پرائی، سب کی ایک سی ہوتی ہیں۔ رشتوں کے حصول کے لیے اخلاقی قدروں کی پامالی اپنی بیٹیوں کے ساتھ صریح نا انصافی ہے۔ رشتے کرتے ہوئے لڑکا لڑکی کی رضامندی اور خوشی کو نظر انداز کرنا کسی طور عقلمندی نہیں ہے۔ اس لیے والدین کو چاہیے کہ اپنی اولادوں کے لیے رشتے تلاش کرتے ہوئے مروجہ معیارات نہیں بلکہ ان کی خوشی کو بھی مدِنظر رکھیں۔