سونیا گاندھی کی خودنوشت بیلونگنگ :اے جرنی آف لو
ڈاکٹر مظفر حسین غزالی
رابطہ:8527796305
سونیا گاندھی کی خود نوشت محض ایک سیاسی رہنما کی یادداشتوں کا مجموعہ نہیں بلکہ محبت، ہجرت، تہذیبی شناخت، خاندانی رشتوں، ذاتی المیوں اور سیاسی زندگی کی داستان ہے۔ اس میں ایک ایسی عورت کی زندگی کے مختلف مراحل سامنے آتے ہیں جس کی پیدائش اٹلی میں ہوئی، جس نے انگلستان میں تعلیم کے دوران راجیو گاندھی سے محبت کی، ہندوستان آکر نہرو گاندھی خاندان کا حصہ بنی اور بالآخر ملک کی ایک طاقتور سیاسی شخصیت کے طور پر ابھری۔
کتاب کا عنوان ’بیلونگنگ :اے جرنی آف لو ‘اس کے بنیادی تصور کی ترجمانی کرتا ہے۔ لفظ بیلونگنگ میں تعلق کے ساتھ اپنائیت، قبولیت اور شناخت کا احساس بھی شامل ہے۔ سونیا گاندھی کے لیے ہندوستان محض شادی کے بعد رہائش اختیار کرنے والا ملک نہیں رہا بلکہ رفتہ رفتہ ان کی زندگی، یادوں اور ذمہ داریوں کا مرکز بن گیا۔
کتاب کے ابتدائی حصوں میں وہ اٹلی میں گزرے اپنے بچپن، والدین، خاندانی ماحول اور ابتدائی تعلیم و تربیت کا ذکر کرتی ہیں۔ ان کے والد اسٹیفانو مائینو کی سخت گیر اور پابندِ اصول شخصیت کا بیان خاص طور پر قابلِ توجہ ہے۔ اس کے بعد کیمبرج میں راجیو گاندھی سے ملاقات، محبت اور 1968 میں شادی کے بعد ہندوستان آمد کا ذکر ہے۔ ایک یورپی لڑکی کے لیے ہندوستانی تہذیب، زبان اور معاشرتی روایات سے ہم آہنگ ہونا آسان نہیں تھا، لیکن وقت کے ساتھ انہوں نے اس ماحول کو اپنا لیا۔سونیا کی اس داستان کا ایک اہم پہلو اندرا گاندھی کے ساتھ ان کا تعلق ہے۔ انہوں نے انہیں صرف وزیراعظم کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک ماں اور ساس کے طور پر بھی قریب سے دیکھا۔ ان کی گھریلو زندگی، خاندانی تعلقات اور مزاج کے بعض ایسے پہلو سامنے آئے ہیں جو سیاسی تاریخ کی کتابوں میں عموماً جگہ نہیں پاتے۔ کتاب کے سب سے زیادہ جذباتی حصوں میں سونیا گاندھی کی نجی زندگی کے صدمات کا بیان ہے۔ پہلے نوزائیدہ بچے کی وفات، اندرا گاندھی کا قتل اور 1991 میں راجیو گاندھی کی شہادت نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا۔سونیا گاندھی نے لکھا ہے کہ وہ یہیں سہاگن بنی، یہیں ماں اور یہیں بیوہ ہووئیں ۔
راجیو گاندھی کی شہادت کے بعد سونیا چاہتیں تو اپنے بچوں کے ساتھ اٹلی واپس جاکر ایک محفوظ اور نسبتاً پرسکون زندگی گزار سکتی تھیں، لیکن انہوں نے ہندوستان میں رہنے اور حالات کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 1998 میں کانگریس کی صدارت سنبھالنا ان کی سیاسی زندگی کا اہم موڑ ثابت ہوا۔ ایک غیر ملکی نژاد خاتون کی حیثیت سے انہیں سیاسی مخالفت اور تنقید کا سامنا کرنا پڑا، لیکن وہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کی قیادت تک پہنچیں۔
2004 کے عام انتخابات میں کانگریس کی قیادت والے اتحاد کی کامیابی کے بعد وزیراعظم بننے کی صورتحال پیدا ہوئی ۔ سونیا کے مطابق راہل اور پرینکا اس فیصلے کے حق میں نہیں تھے، کیونکہ انہیں اپنی دادی اور والد کے قتل کے بعد والدہ کی سلامتی کا خوف لاحق تھا۔ اتحادی جماعتوں کے اصرار پر انہوں نے ابتدا میں رضامندی ظاہر کی، لیکن بعد میں وزیراعظم کا عہدہ قبول کرنے سے انکار کردیا اور ڈاکٹر منموہن سنگھ کو اس منصب کے لیے نامزد کیا۔ وزیراعظم نہ بننے کے باوجود سونیا گاندھی کانگریس اور یو پی اے کی سیاست میں مؤثر کردار ادا کرتی رہیں۔
کتاب کا ایک دلچسپ انکشاف سینئر کانگریسی رہنما پرنب مکھرجی کے وزیراعظم بننے کی خواہش سے متعلق ہے۔ سونیا گاندھی لکھتی ہیں کہ 2010 میں ایک گفتگو کے دوران قیادت میں تبدیلی کو پرنب مکھرجی نے وزیراعظم بننے کی دیرینہ خواہش کے اظہار کے طور پر سمجھا۔ یہ انکشاف سیاسی حلقوں میں بحث کا موضوع بنا۔ تاہم پرنب مکھرجی کی صاحبزادی شرمشٹھا مکھرجی نے اپنے والد کے سیاسی عزائم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کسی تجربہ کار سیاست دان کا وزیراعظم بننے کی خواہش رکھنا کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ حالانکہ بعد میں کانگریس نے انہیں 2012 میں صدارتی امیدوار نامزد کیا اور وہ صدر جمہوریہ منتخب ہوئے۔
کتاب کا ایک اہم اور حساس پہلو بابری مسجد کے انہدام سے متعلق ہے۔ سونیا گاندھی لکھتی ہیں کہ 6 دسمبر 1992 کو ٹیلی ویژن پر بابری مسجد کے انہدام کے مناظر دیکھ کر وہ رو پڑی تھیں۔ ان کے نزدیک یہ واقعہ ہندوستان کی سیکولر بنیادوں کے لیے ایک بڑا دھچکا تھا۔ ان کا یہ بیان ہندوستان کے کثرت میں وحدت کے تصور اور گاندھی و نہرو کی سیکولر روایت سے ان کی وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔
تاہم اس موضوع پر ایک تاریخی سوال بھی اٹھتا ہے۔ بابری مسجد کا تالا یکم فروری 1986 کو کھولا گیا تھا، جب راجیو گاندھی وزیراعظم تھے۔ اس فیصلے کے پس منظر میں کانگریس حکومت کے کردار، ہندوتوا سیاست کے دباؤ اور انتخابی مصلحتوں کے بارے میں بحث ہوتی رہی ہے۔ بعض سیاسی تجزیہ نگاروں کے نزدیک شاہ بانو معاملے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں ہندو رائے دہندگان کو مطمئن کرنے کی کوشش نے کانگریس کو رام جنم بھومی تحریک کے مطالبات کے قریب کردیا تھا۔ راجیو گاندھی نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز فیض آباد سے رام راجیہ کے تصور کے ساتھ کیا تھا۔ اس پس منظر میں کانگریس کی پالیسیوں پر تنقیدی ہوتی رہی ہے۔ لیکن سونیا گاندھی کا بابری مسجد کے انہدام پر دکھ کا اظہار کانگریس کے سیکولر کردار اور کثرت میں وحدت کے نظریہ کو وضح کرتا ہے ۔
سونیا گاندھی نے 2002 کے گجرات فسادات کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ٹیلی ویژن پر تشدد کے مناظر دیکھ کر پورا ملک سہم گیا تھا۔ اس وقت وہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف تھیں۔ انہوں نے احمدآباد کے ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا اور فسادات میں زندہ بچ جانے والے متاثرین سے ملاقات کی۔ ان کے مطابق فرقہ وارانہ تشدد کے بیشتر متاثرین مسلمان تھے اور کانگریس رہنماؤں کی مدد کی اپیل کے باوجود ریاستی حکومت نے مؤثر کارروائی نہیں کی۔سونیا گاندھی کے نزدیک ہندوستان ایسا ملک ہونا چاہیے جہاں ہر شہری مذہب کی تفریق کے بغیر عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزار سکے اور اسے اپنی وفاداری ثابت کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔یہ تصور ہندوستان کے آئینی اور جمہوری اصولوں سے ہم آہنگ ہے۔ کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد شہریوں کی مساوات، مذہبی آزادی اور انسانی وقار پر قائم ہوتی ہے۔ اس اعتبار سے کتاب کا یہ حصہ اس کے سیاسی اور اخلاقی بیانیے میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔
کتاب میں ایمرجنسی، 1984 کے سکھ مخالف تشدد، بوفورس معاملے اور کانگریس کی تنظیمی کمزوری جیسے موضوعات پر مزید تفصیلی اور خود احتسابانہ گفتگو کی جانی چاہیے تھی۔بی جے پی نے کتاب پر تبصرہ کرتے ہوئے ایمرجنسی پر سوال اٹھایا ہے جبکہ دیکھا جائے تو ان کی حکومت ایمرجنسی کی طرح ہی چل رہی ہے ۔ سماعت کے بغیر مخالفین کو جیلوں میں بھر دیا جا رہا ہے ۔ حزب اختلاف کے لیڈران پر ای ڈی ، سی بی آئی ، انکم ٹیکس کے ذریعہ بی جے پی کی حمایت کا دباؤ بنانا عام ہے ۔ ساتھ آنے والوں کے مقدمات راتوں رات ختم ہو جاتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو پریشان کیا جانا سبھی کو معلوم ہے ۔ ان کا گھر چھین لیا ، ان کی رکنیت ختم کر دی ، انہیں بار بار تھانہ بلا کر پریشان کیا گیا ۔ انہیں اور ان کی بہن پرینکا کو زمین پر گھسیٹا گیا ۔ راہل گاندھی کی ناک میں چوٹ لگی ان کے کپڑے پھٹ گئے ۔ جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے کڑکے کڑکیوں کو بے رحمی سے پیٹا گیا ، ان پر پیلٹ گن مارے گئے، ان کے نازک حصوں کو دبایا گیا ، لڑکیوں کو بے عزت کرنے کی کوشش کی گئی یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔ مگر وزیراعظم اور وزیر داخلہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔
کتاب میں کئی تاریخی حوالے اور تاریخیں غلط درج ہوئی ہیں۔جنہیں اگلے ایڈیشن میں درست کیا جانا چاہیے ۔ بنیادی طور پر اس کتاب کو تین سطحوں پر سمجھا جا سکتا ہے: محبت اور خاندانی وابستگی کی داستان، ذاتی محرومیوں اور صدمات کا بیان، اور ہندوستان کی سیاست میں ایک خاتون کی جدوجہد اور قیادت کا سفر۔
اس کتاب کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ سونیا گاندھی نے اپنی عوامی شخصیت کے پیچھے موجود ایک عام عورت، ماں، بیوی اور انسان کو سامنے لانے کی کوشش کی ہے۔ وہ اپنی زندگی کے کئی ایسے تجربات بیان کرتی ہیں جنہیں طویل عرصے تک نجی رکھا گیا۔ اس خودنوشت کو نہ محض عقیدت کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے اور نہ سیاسی اختلاف کی بنیاد پر مسترد کرنا چاہیے۔ اس کی اصل اہمیت ایک ایسی شخصیت کی اپنی کہانی میں ہے جس کی نجی زندگی اور سیاسی کردار دونوں ہندوستان کی معاصر تاریخ سے گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں۔
سونیا گاندھی نہ صحافی ہیں اور نہ مصنف پھر بھی وہ اپنی یاد داشتوں کو بے باقی سے بیان کرنے میں بڑی حد تک کامیاب ہوئی ہیں ۔ انہوں نے دنیا کو بتانے کی کوشش کی ہے کہ محبت کس طرح وابستگی میں، وابستگی کس طرح شناخت میں اور شناخت کس طرح اجتماعی ذمہ داری میں تبدیل ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے سونیا گاندھی کی خودنوشت نے ملک کے ادبی اور سیاسی حلقوں میں خاصی دلچسپی پیدا کی ہے۔ ہارپر کولنز انڈیا سے 10 نومبر 2026 کو اس کے انگریزی ایڈیشن کی اشاعت عمل میں آئی ۔پچھلی کئی دہائیوں میں کسی کتاب پر اتنی گفتگو نہیں ہوئی جتنی’بیلونگنگ : اے جرنی آف لو ‘پر ہو رہی ہے ۔ کتاب کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اشاعت کے بعد ہی ملک بھر سے اس کی طلب کی خبریں آنے لگیں ۔
