اداریہ ؍مضامین

کرشن کے نام اتر پردیش میں ہندو ووٹوں کی جنگ

اتر پردیش اسمبلی انتخابات ابھی کئی ماہ دور ہیں، لیکن سیاسی بساط پر مہابھارت کی تیاری شروع ہو چکی ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اس مرتبہ مہابھارت کے مرکزی کردار بھگوان کرشن بنائے جا رہے ہیں اور ان کے نام پر سیاسی جنگ لڑنے کے لیے میدان میں بی جے پی کے ساتھ سماجوادی پارٹی بھی اتر آئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں جماعتیں کرشن کے نام سے اپنی اپنی سیاسی کشتی پار لگانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ گویا اب اتر پردیش میں ہندو ووٹوں کی سیاست کا نیا مرکز ایودھیا سے متھرا کی طرف منتقل کرنے کی تیاری ہے۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے جس انداز میں کرشن کو اپنی سیاسی مہم کا حصہ بنایا ہے، وہ محض مذہبی عقیدت کا اظہار نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی انتخابی حکمت عملی ہے۔ پی ڈی اے یعنی پچھڑے، دلت اور اقلیتوں کے اتحاد کے ساتھ وہ ہندو سماج کے دوسرے طبقات کو بھی اپنے قریب لانا چاہتے ہیں۔ ان کی مہم میں کرشن اور سداما کی دوستی کا حوالہ دے کر برہمنوں کو متوجہ کرنے کی کوشش بھی اسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ کرشن کو مہابھارت میں دھرم اور انصاف کی جنگ کا رہنما قرار دے کر اکھلیش خود کو محروم طبقات کی سیاسی جدوجہد کا قائد ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے پوسٹروں میں کرشن کی تصویر اور ’27 میں کرشن آئیں گے‘ جیسے نعرے اس نئی سیاست کی علامت بن چکے ہیں۔ دوسری طرف بی جے پی نے بھی متھرا کو اپنے سیاسی ایجنڈے کے مرکز میں لا کھڑا کیا ہے۔ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے بعد اب کرشن جنم بھومی کا مسئلہ اس کے لیے ایک نئے انتخابی نعرے کی حیثیت اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کا یہ اعلان کہ ایودھیا ہماری ہو چکی ہے، اب متھرا کی باری ہے، اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ بی جے پی 2027 کے انتخابات میں متھرا کے مذہبی تنازع کو ایک بڑے سیاسی موضوع کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے۔ اکھلیش یادو کو کرشن جنم بھومی کی کار سیوا میں شرکت کی دعوت دینا بھی اسی سیاسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اس کے ذریعے سماجوادی پارٹی کو ایک ایسے امتحان میں ڈالنے کی کوشش ہو رہی ہے جہاں اس کا کوئی بھی فیصلہ بی جے پی کے لیے سیاسی فائدے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
لیکن اس پورے سیاسی کھیل کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ دونوں جماعتوں کی نگاہیں صرف ہندو ووٹوں پر نہیں بلکہ یادو ووٹوں پر بھی مرکوز ہیں۔ یادو برادری سماجوادی پارٹی کا روایتی سیاسی سرمایہ رہی ہے اور اس برادری کا مذہبی و تہذیبی رشتہ کرشن سے جوڑا جاتا ہے۔ بی جے پی اس سیاسی حقیقت کو اچھی طرح سمجھتی ہے۔ وہ ایک طرف غیر یادو پسماندہ طبقات کو اپنے ساتھ جوڑنے کی کوشش کر رہی ہے تو دوسری طرف یادو سماج میں بھی اپنی جگہ بنانے کے لیے کرشن کی وراثت کا حوالہ دے رہی ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو کو اس سلسلے میں ایک اہم سیاسی چہرے کے طور پر پیش کرنا بھی اسی کوشش کا حصہ رہا ہے۔
دراصل بی جے پی کے لیے مسئلہ یہ ہے کہ رام مندر کی تعمیر کے بعد ایودھیا کا وہ انتخابی جذباتی اثر برقرار رکھنا آسان نہیں جو کبھی اس کی سیاست کی سب سے بڑی طاقت تھا۔ دوسری طرف سماجوادی پارٹی نے 2022 کے اسمبلی انتخابات میں اپنی پوزیشن بہتر کی اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں اتر پردیش کے نتائج نے یہ ثابت کیا کہ بی جے پی کے لیے ریاست میں سیاسی مقابلہ اب پہلے جیسا یک طرفہ نہیں رہا۔ ایسے میں بی جے پی کو ایک ایسے موضوع کی ضرورت ہے جو ہندو ووٹوں کو ذات پات کی تقسیم سے اوپر اٹھا کر ایک انتخابی شناخت میں تبدیل کر سکے۔ متھرا اور کرشن جنم بھومی کا مسئلہ اسی ضرورت کو پورا کرنے کی کوشش معلوم ہوتا ہے۔
تاہم سوال یہ ہے کہ کیا سماجوادی پارٹی بھی اس مذہبی سیاست کا مقابلہ مذہبی نعروں سے ہی کرے گی؟ اگر ایسا ہے تو پھر اس کے پی ڈی اے فارمولے، سماجی انصاف اور آئینی حقوق کی سیاست کا کیا ہوگا؟ اکھلیش یادو کو یہ سمجھنا ہوگا کہ بی جے پی کے سیاسی میدان میں اتر کر اسی کے ہتھیاروں سے مقابلہ کرنے کی کوشش ہمیشہ کامیاب نہیں ہوتی۔ مذہبی علامتوں کی سیاست میں بی جے پی کا تنظیمی تجربہ، وسائل اور طویل سیاسی مشق سماجوادی پارٹی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ اگر اکھلیش اپنی بنیادی سیاسی شناخت کو کمزور کرتے ہیں تو ان کے سامنے صرف بی جے پی سے مقابلے کا مسئلہ نہیں ہوگا بلکہ اپنے روایتی اتحادیوں اور ووٹروں کو مطمئن رکھنے کا چیلنج بھی کھڑا ہوگا۔
اس پورے معاملے میں ایک اور اہم پہلو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ کرشن جنم بھومی اور شاہی عیدگاہ کا تنازع عدالتوں میں زیر سماعت ہے۔ ایسے میں کسی بھی سیاسی جماعت کو عدالتی عمل کے احترام اور قانونی فیصلے کا انتظار کرنے کے بجائے اسے انتخابی جذبات بھڑکانے کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔ مذہبی مقامات کے تنازعات کو انتخابی مہم کا ایندھن بنانے سے سماج میں اعتماد اور ہم آہنگی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ مذہب انسان کو جوڑنے کا ذریعہ ہونا چاہیے، سیاسی اقتدار کی سیڑھی نہیں۔
اصل سوال یہ نہیں کہ کون سی جماعت کرشن کو اپنا بتانے میں کامیاب ہوتی ہے، بلکہ سوال یہ ہے کہ اتر پردیش کے عوام کو اس سیاسی مہابھارت سے کیا حاصل ہوگا؟ کیا کسانوں کی پریشانیاں ختم ہو جائیں گی؟ کیا نوجوانوں کو روزگار مل جائے گا؟ کیا تعلیم اور صحت کا نظام بہتر ہو جائے گا؟ کیا مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل کا کوئی حل نکلے گا؟ کیا پسماندہ طبقات کو ان کے حقوق ملیں گے؟ اگر ان سوالوں کے جواب سیاسی جماعتوں کے پاس نہیں ہیں تو پھر کرشن کے نام پر یہ سارا شور محض انتخابی حکمت عملی کے سوا کچھ نہیں۔کرشن نے مہابھارت میں ارجن کو دھرم اور فرض شناسی کا راستہ دکھایا تھا، لیکن آج سیاست دان کرشن کے نام پر ووٹوں کی جنگ لڑنے میں مصروف ہیں۔ کرشن کی تعلیمات میں انصاف، سچائی اور ظلم کے خلاف جدوجہد کا پیغام تلاش کرنے کے بجائے ان کے نام کو انتخابی نعروں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ افسوس ناک بات یہ ہے کہ ملک کی سیاست میں اب عوام کے مسائل سے زیادہ مذہبی علامتوں کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے۔
اتر پردیش کا انتخابی مہابھارت ابھی شروع ہوا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ اس جنگ میں کون کرشن کے نام پر کتنے ووٹ حاصل کرتا ہے، لیکن عوام کو یہ طے کرنا ہوگا کہ انہیں اقتدار کی جنگ میں مذہبی نعروں کا حصہ بننا ہے یا اپنے مستقبل، روزگار، تعلیم، صحت اور سماجی انصاف کے سوالات پر ووٹ دینا ہے۔ کیونکہ آخرکار جمہوریت میں عوام کو کرشن کے نام پر نہیں، اپنے حقوق اور اپنے مستقبل کے نام پر فیصلہ کرنا چاہیے۔