Featured

ایک ہفتے میں سرسوں کا تیل 425 روپے فی کوئنٹل مہنگا

سویا بین کے تیل کی قیمت میں 71 روپے اور سورج مکھی کے تیل میں 60 روپے کا اضافہ درج کیا گیا

نئی دہلی،  (یو این آئی۔) ملک کی تھوک اجناس منڈیوں میں گزشتہ ہفتے چاول کو چھوڑ کر دیگر تمام اجناس کی قیمتوں میں اضافہ درج کیا گیا۔ اس دوران سرسوں کا تیل 425 روپے اور تور کی دال 201 روپے فی کوئنٹل مہنگی ہو گئی۔ چینی اور گیہوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

گزشتہ ہفتے سرسوں کا تیل اوسطاً 425 روپے اور مونگ پھلی کا تیل 171 روپے فی کوئنٹل مہنگا ہوا۔ سویا بین کے تیل کی قیمت میں 71 روپے اور سورج مکھی کے تیل میں 60 روپے کا اضافہ درج کیا گیا۔ بناسپتی کی قیمت بھی 46 روپے بڑھ گئی۔ وہیں پام آئل 6 روپے فی کوئنٹل سستا ہو گیا۔

ہفتے کے دوران تور کی دال کی اوسط قیمت میں 201 روپے اور چنے کی دال میں 97 روپے فی کوئنٹل کا اضافہ ہوا۔ اُڑد کی دال 69 روپے اور مونگ کی دال 57 روپے مہنگی ہو گئی۔ وہیں مسور کی دال کی قیمت میں 15 روپے فی کوئنٹل کی کمی درج کی گئی۔

چینی کی قیمتوں میں مسلسل ساتویں ہفتے بھی اضافہ جاری رہا۔ گزشتہ ہفتے چینی کی منڈی میں اس کی اوسط قیمت 16 روپے بڑھ کر ہفتے کے اختتام پر 5,664 روپے فی کوئنٹل پہنچ گئی۔ گڑ بھی 24 روپے مہنگا ہو گیا۔ وہیں خوردہ بازار میں تہواروں کی مانگ کم ہونے کے سبب چینی کی قیمت میں اوسطاً 4 روپے فی کلوگرام کی کمی آئی اور یہ 60.81 روپے فی کلوگرام رہ گئی۔

ہفتے کے دوران چاول کی اوسط قیمت میں 9 روپے کی کمی ہوئی اور ہفتے کے اختتام پر یہ 4,358 روپے فی کوئنٹل رہی۔ گیہوں کی قیمت 13 روپے بڑھ کر 2,970 روپے فی کوئنٹل پہنچ گئی۔ آٹا بھی 14 روپے مہنگا ہوا اور ہفتے کے اختتام پر 3,420 روپے فی کوئنٹل فروخت ہوا۔